جاپان میں آفت کی بارش : جاپان میں شدید بارش سے 130 افراد ہلاک

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 10-July-2018

جاپان کے مغربی علاقہ میں گزشتہ کئی دنوں سے جاری شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں منگل کی صبح تک کم از کم 130 افراد ہلاک اور ہزاروں لوگ لاپتہ ہیں۔سرکاری ٹی وی چینل ’ این ایچ کے‘نے بتایا کہ منگل کی صبح تک بارش سے ہونے والے حادثوں میں کم از کم 130 افراد ہلاک اور ہزاروں افراد لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔ اگرچہ بارش کی شدت میں تھوڑی کمی آئی ہے اور ریلیف اور ریسکیو ٹیم ملبے میں پھنسے ہوئے لوگوں کی تلاش کر رہے ہیں۔

جاپان میں 1982 کے بعد سے یہ سب سے بڑا قدرتی واقعہ ہے جس میں 20 ملین سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں ۔ اس کی شدت كودیکھتے ہوئے وزیر اعظم شنزو آبے نے اپنا غیر ملکی دورہ ملتوی کر دیا ہے۔

مرکزی کابینہ سکریٹری يوشی ہدے سوگا نے بتایا کہ بارش کی وجہ سے مسٹر آبے نے بیلجیم، فرانس، سعودی عرب اور مصر کا اپنا دورہ ملتوی کر دیا ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سیلاب کی وجہ سے ہو نے والے اقتصادی نقصان کا ابھی کوئی اندازہ نہیں لگایا ہے. سیلاب کی وجہ سے مذکورہ علاقے کے 11،220 مکانوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے اور سینکڑوں لوگوں کو پینے کا پانی نہیں مل رہا ہے۔

بارش کے بعد سیلاب سے صنعتی دنیا بھی کافی متاثر ہوئی ہے اور ہیروشیما میں مزدا موٹر کمپنی نے ہیڈ آفس بند کر دیا ہے۔ اس کمپنی نے گزشتہ ہفتے کئی پلانٹوں میں کام کاج کو روک دیا تھا اور آج بھی دو مزید پلانٹوں کو بند کرنے کی بات کہی جا رہی ہے۔