جنتادل (یو) چار ریاستوں میں اپنے بل بوتے انتخابات لڑے گا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 09-July-2018

نئی دہلی : جنتا دل (یو) نے چار ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں سماج وادی تحریک سے متاثر علاقوں میں اپنے بل بوتے پر الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔

جنتادل (یو) کی قومی مجلس عاملہ کی آج یہاں ہونے والی میٹنگ میں مدھیہ پردیش، راجستھان، چھتیس گڑھ اور منی پور اسمبلی انتخابات میں سماج وادی تحریک سے متاثر علاقوں میں محدود سیٹوں پر امیدوار کھڑے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت پارٹی کے سربراہ اور بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے کی۔

پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی تیاگی نے پریس کانفرنس میں مجلس عاملہ کے فیصلوں کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ ان کی پارٹی پہلے بھی گجرات، ناگالینڈ اور کرناٹک میں آزادانہ طور پر انتخابات لڑتی رہی ہے۔ جنتادل (یو) چار ریاستوں میں انتخابات نہ تو کسی پارٹی کو شکست دینے کے لئے اور نہ ہی جتانے کے لئے لڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے لئے بہار میں سیٹوں کے تال میل کے واسطے پارٹی کے پاس کوئی تجویز نہیں آئی ہے اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے اگر پیشکش آئے گی تو اس پر مل بیٹھ فیصلہ کر لیا جائے گا۔