حوثیوں نے الحدیدہ کی بندرگاہ پر روکا گیا جہاز چھوڑ دیا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 09-July-2018

صنعاء / اقوام متحدہ: یمن میں قانونی حکومت کی حمایت میں برسرپیکار عرب اتحاد نے کہا ہے کہ حوثی ملیشیا نے الحدیدہ کی بندرگاہ پر ایک جہاز جی میوس کو 62روز تک روکے رکھنے کے بعد چھوڑ دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک بیان میں عرب اتحاد نے کہا کہ الحدیدہ کی بندرگاہ پر چار اور جہاز بھی لنگر انداز ہو چکے ہیں اور ان پر لدا ہوا سامان اتارا جارہا ہے جبکہ بندرگاہ پر چار اور جہاز داخلے کے منتظر ہیں۔ الصلیف کی بندرگاہ پر بھی دو بحری جہاز داخلے کے منتظر ہیںان میں ایک لنگرانداز ہونے کے انتظار میں ہے۔

ادھر اقوام متحدہ کے رابطہ کاری دفتر برائے انسانی امور نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ مختلف ممالک نے یمن کے لیے ایک ارب 54 کروڑ ڈالر کی امداد دی ہے اور اس میں سعودی عرب کا حصہ سب سے زیادہ ہے۔ جو ممالک یمن کے لیے انسانی امدادی ردعمل منصوبے کا حصہ نہیں ،انھوں نے بھی 19 کروڑ 60 لاکھ ڈالرعطیہ کیے ہیں۔