سبھی افسران عدالت کے فیصلہ کا کریں احترام :کیجریوال

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 06-July-2018

نئی دہلی : دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے افسران کو جمعرات کو متنبہ کیاکہ سپریم کورٹ کے حکم کو نہ ماننے پر انھیں سنگین نتائج بھگتنے ہونگے ۔

مسٹر کیجریوال نے ٹوئیٹ کیا’’سبھی افسران کو سپریم کورٹ کے حکم کا احترام اور اس پر عمل کرناہوگا۔ نافرمانی کرنے پر سنگین نتائج بھگتنے ہونگے ۔یہ کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہوگا۔ ‘‘وزیراعلی کا یہ تبصرہ نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کے اس بیان کے کچھ ہی دیر بعد آیاہے جس میں کہاگیاتھا کہ انھوں نے سکریٹری (خدمات )کو آج پھر ہدایت دی ہے کہ وہ انکی کل کی ہدایت کے مطابق حکم جاری کریں ۔مسٹر سسودیہ نے کہاکہ سکریٹری کو مطلع کیاگیاہے کہ انکے حکم پر عمل درآمد نہ کرنے کا مطلب ہوگا کہ ایک طرح سے سپریم کورٹ کے حکم کی نافرمانی کی جارہی ہے اور افسرکو تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑیگا۔

بدھ کے روز نائب وزیراعلی نے سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے فورا بعد اعلان کیا تھا کہ ’دانکس ‘اور آئی اے ایس افسران کے تبادلے اورتقرری کا اختیار وزیراعلی کوہے ۔لیکن دہلی کے چیف سکریٹری نے انھیں لکھا کہ خدمات سے متعلق محکمہ افسران کے تبادلے اور تقرری کے بارے میں انکے حکم پر عمل نہیں کرپائیگا۔