شرم جیوی ایکسپریس میں بم کی افواہ سے کھلبلی، جانچ کے بعد ٹرین روانہ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 24-July-2018

وارانسی :  نئی دہلی سے بہار کے راجگیر جارہی گاڑی نمبر 12392 شرم جیوی ایکسپریس ٹرین میں منگل کی صبح بم رکھے ہونے کی اطلاع سے کھلبلی مچ گئی۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ جونپور سٹی ریلوے اسٹیشن سے ٹرین کے روانہ ہونے کے فوراً بعد علی الصبح تقریبا تین بج کر 50 منٹ پر شمالی ریلوے کے لکھنؤ واقع کنٹرول پینل میں اطلاع ملی کہ ٹرین میں بم رکھا ہوا ہے۔ اس بنیاد پر تقریباً صبح ساڑھے چار بجے وارانسی کے شیوپور ریلوے اسٹیشن پہنچنے پر ٹرین کو چیک کرنے کے لئے روکا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی ڈاگ اسکواڈ اور بم ڈسپوزل دستہ سمیت تمام متعلقہ سیکورٹی شیوپور اسٹیشن پر پہنچ گئے۔ آر پی ایف، جي آرپي ایف سمیت مختلف سیکورٹی ایجنسیوں نے مقامی جونپور اور وارانسی پولیس کی مدد سے تقریبا ڈیڑھ گھنٹے تک پوری ٹرین کی باریکی سے تلاشی لی، لیکن کہیں بھی بم یا کوئی دوسری مشتبہ چیز نہیں ملی۔ تلاشی کے بعد صبح چھ بج کر پانچ منٹ پر ٹرین کو اپہنے مستقر کے لئے روانہ کر دیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ شمالی ریلوے کے اےڈي آرایم (لکھنؤ) کو نامعلوم شخص نے موبائل فون کر کے ٹرین میں بم ہونے کی اطلاع دی تھی۔ ریلوے پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ جس موبائل نمبر کے ذریعے ٹرین میں بم رکھے ہونے کی اطلاع دی گئی تھی، اس کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کی جا رہی ہے. ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا کہ اطلاع دینے کے فورا بعد وہ موبائل فون بند کر دیا گیا تھا.۔