ششی تھرور نے کہا: 2019 میں بی جے پی لوٹی تو”ہندو پاکستان” بن جائے گا ہندوستان

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-July-2018

بی جے پی کے ‘ہندوتو نظریہ’ پر حملہ کرتے ہوئے ششی تھرور نے کہا ہے کہ اگر بی جے پی سال 2019 کا لوک سبھا چناؤ جیت جاتی ہے تو اس سے ہندوستان ‘ ہندو پاکستان ‘ بن جائے گا۔ بدھ کو ترووننت پورم میں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے تھرور نےکہا کہ بی جے پی ایک نیا آئین لکھے گی جو ایک ایسے ملک کیلئے راستہ تیار کرے گا جو پاکستان کی طرح ہوگا اور جہاں اقلیتوں کے حقوق کا احترام نہیں کیا جائے گا۔

نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق ششی تھرور نے کہا ، ” اگر وہ بی جے پی لوک سبھا میں پھر سے جیت کر آتی ہے تو جیسا ہم اپنے جمہوری آئین کو سمجھتے ہیں وہ ویسا نہیں رہ جائے گا کیونکہ ہندستان کے آئین کو الگ کرنے اور ایک نیا لکھنے کیلئے ان کے پاس سبھی ضروری عنصر ہوں گے”۔

ششی تھرور نے کہا ، ‘ وہ ہندو راشٹر کے اصولوں کو قائم کریں گے جو اقلیتوں کیلئے مساوات کو دور کرے گا، جو ایک ہندو پاکستان بنائے گا اور مہاتما گاندھی ،نہرو، سردار پٹیل ، مولانا آزاد اور عظیم جانبازوں نے آزادی کی لڑائی اس کے لئے نہیں لڑی”۔

تھرور کے اس بیان پر بی جے پی ترجمان سنبت پاترا نے ٹویٹ کر کے تبصرہ کیا ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کانگریس صدر راہل گاندھی کو اس بیان کیلئے معافی مانگنی چاہئے ۔سنبت پاترا نے ٹویٹ میں لکھا کہ  ” ششی تھرور کا کہنا ہے کہ اگر بی جے پی سال 2019 میں لوٹی تو  ہندوستان”ہندو پاکستان ” ہو جائے گا۔نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق سنبت پاترا نے کہا ششی تھرور نے جو کہا اس پر راہل گاندھی کو معافی مانگنی چاہئے۔کانگریس پاکستان کے بننے کی ذمہ دار تھی۔