مشرقی افغانستان میں خودکش حملہ، 12 سکھ اور ہندووں سمیت 19 افراد ہلاک

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 2-June-2018

جلال آباد۔  مشرقی افغانستان کے شہر جلال آباد کے وسط میں اتوار کو ہونے والے ایک دھماکے میں 19 افراد ہلاک اور 20 دیگر زخمی ہوگئے ۔ ہلاک ہونے والوں میں کئی سکھ اور ہندو بھی شامل ہیں۔  گورنر کے ترجمان عطا اللہ کھوگیانی نے بتایا کہ صدر اشرف غني کے جلال آباد میں ایک ہسپتال کے افتتاح کرنے کے چند گھنٹوں کے بعد ہونے والے دھماکے سے مخابرات چوک کے پاس کئی دکانیں اور گھر تباہ ہوگئے ۔

ننگرهار پولیس کے سربراہ غلام سنائی ستانیک زئي نے بتایا کہ ایک خود کش حملہ آور نے سکھوں کو لے کر جانے والی ایک گاڑی کو نشانہ بنا کر حملہ کیا۔ سکھ کمیونٹی کے لوگ حملہ کے وقت صدر سے ملاقات کرنے آئے تھے ۔ انہوں نے کہا، ’’حملے میں ہلاک ہونے والوں میں سے اکثر لوگ سکھ کمیونٹی سے ہیں‘‘۔

حکام کے مطابق اگر صدر غنی کے دورے کے پیش نظر شہر کے زیادہ تر حصوں میں ناکہ بندی نہ کردی گئی ہوتی تو ہلاکتوں کی تعداد کہیں زیادہ ہوسکتی تھی۔ جس وقت دھماکہ ہوا غنی اس علاقے میں نہیں تھے۔ ابھی تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔