مہاگٹھ بندھن وزیراعظم کے عہدہ کے لئے ’مہادوڑ‘: مودی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 03-July-2018

نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے اپوزیشن جماعتوں کے مہاگٹھ بندھن کو ملک کے مفاد میں نہیں بلکہ خود اپنے وجود کو بچانے اور اقتدار پر قبضہ کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں شامل ہر لیڈر وزیر اعظم بننے کا خواب دیکھ رہا ہے۔

مسٹر مودی نے’سوراجیہ‘ میگزین کو دئے گئے ایک انٹرویو میں مہاگٹھ بندھن کو وزیر اعظم کی کرسی حاصل کرنے کے لئے مہادوڑ بتایا اور کہاکہ اس میں ہر پارٹی کا لیڈر وزیر اعظم بننا چاہتا ہے لیکن اتحاد کا دوسرا معاون اسے پیچھے سے دھکا دے کر خود دوڑ جیتنے کا خواہش مند ہے۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ وہ وزیر اعظم بننے کے لئے تیار ہیں لیکن ترنمول کانگریس اس کے لئے تیار نہیں ہے۔ محترمہ ممتا بنرجی خود وزیر اعظم بننا چاہتی ہیں لیکن اس میں بائیں بازو کی جماعتوں کو پریشانی ہے۔ سماج وادی پارٹی سمجھتی ہے کہ ان کا لیڈر وزیر اعظم کے عہدہ کے لئے سب سے موزوں ہے۔ مہاگٹھ بندھن میں عوام کی خوشحالی پر کسی کی توجہ نہیں ہے سب کا زور اقتدار پر قبضہ کرنے پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں تک 1977اور 1989میں مہاگٹھ بندھن بننے کی بات ہے تب حالات مختلف تھے۔ سال 1977کا مہاگٹھ بندھن ایمرجنسی کی وجہ سے خطرے میں پڑجانے والی جمہوریت کو بچانے کے لئے تھا جب کہ 1989 کا مہاگٹھ بندھن ملک کو ہلا کر رکھ دینے والے بوفورس گھپلے کی وجہ سے ہوا تھا۔ اس مرتبہ کے مہاگٹھ بندھن کا ایجنڈا قوم کے مفاد میں نہیں ہے بلکہ اپنے وجود کو بچانا ، اقتدار پر قبضہ کرنا اور مودی کو ہٹانا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس ان کو ہٹانے کے علاوہ اور کوئی دوسرا ایجنڈا نہیں ہے۔