اپوزیشن کا عظیم اتحاد کامیاب ہونے والا نہیں: رمن سنگھ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 30-August-2018

رائے پور 29 اگست (ایجنسی): آئندہ لوک سبھا انتخاب کیلئے بی جے پی کے خلاف اپوزیشن کے عظیم اتحاد کی تیاری پر وزیراعلیٰ رمن سنگھ نے چٹکی لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جس اتحاد کا کوئی لیڈر ہی نہ ہو اس اتحاد کا حشر کیا ہوگا یہ آسانی سے سمجھا جاسکتا ہے۔ ایک پارٹی کہتی ہے کہ پی ایم امیدوار اس کا ہوگا جو سب سے زیادہ سیٹیں جیتے گی۔ جبکہ دوسرے کا کہنا ہے کہ سب سے بڑی پارٹی کا امیدوار ہوگا۔ میں سمجھتا ہوں کہ انتخاب تک اس معاملے پر کوئی فیصلہ نہیں ہوپائے گا اور میدان میں تنہا نریندر مودی ہی رہ جائیںگے اور وہی 2019 میں بھی وزیراعظم بنیںگے۔ وزیراعلیٰ رمن سنگھ نے چھتیس گڑھ میں بھی چوتھی بار حکومت بنانے کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کے اخیر میں ہونے والے اسمبلی انتخاب میں کامیابی کا انہیں پورا یقین ہے۔ چھتیس گڑھ کے علاوہ مدھیہ پردیش اور راجستھان میں بھی بی جے پی کی جیت کا انہیں پورا بھروسہ ہے۔