ایران پر سخت ترین پابندیاں عاید کرنے کے پابند ہیں: امریکہ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 30-August-2018

واشنگٹن ،29اگست (اے یوایس) ایران کے امور پر نظر رکھنے کے لیے امریکا کی طرف سے متعین کردہ خصوصی مندوب برائن ہک نے کہا ہے کہ ایران لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کو سالانہ 70 کروڑ ڈالرکی رقم فراہم کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن حزب اللہ اور ایرا ن کی سپاہ پاسداران انقلاب کے خلاف سخت ترین پابندیاں عاید کرنے کی پالیسی پرعمل درآمد کا پابند ہے۔واشنگٹن میں ایک تقریب سے خطاب میں اْنہوں نے کہا کہ واشنگٹن دوسرے اتحادی مما لک کو بھی ایران اور حزب اللہ کے خلاف جاری مہم میں شامل ہونے پر قائل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔برائن ہک کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کے منفی طرزعمل کو بے نقاب کرنے کی پالیسی پر عمل درآمد جاری رکھے گا۔ ایران کے ساتھ کسی بھی معاہدے سے قبل تہران کو ہمار ی شرائط ماننا ہوں گی۔ آبنائے ہرمز بین الاقوامی تجارتی گذرگاہ کے طورپر کام کرتی رہے گی ۔ امریکی ایلچی کا کہنا تھا کہ ان کا ملک ایران پر سخت ترین پابندیاں عاید کرنے کے اعلان پر سختی سے عمل درآمد کرے گا۔ ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان طے پائے معاہدے نیتہرا ن کو بے پناہ فواید پہنچائے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اس معا ہدے سے اس لیے باہر نکلا تاکہ ایران کی خطر ناک سرگرمیوں کے خلاف سفارتی جنگ شروع کی جاسکے۔ ہم ایران کا رویہ بدلنا چاہتے ہیں ایرانی نظام سے ہمیں کوئی سروکار نہیں۔برائن ہک کا کہنا تھا کہ ایران مشرق وسطیٰ میں انتشار پھیلانے کے لیے اربوں ڈالر کی رقم خرچ کررہا ہے۔ ایران کی 80 فی صد معیشت پر سپاہ پاسد اران انقلاب کا قبضہ ہے اور پاسدا ران انقلاب اپنے عزائم اور مذموم مقاصد کے لیے ملکی وسائل کو بے دریغ استعمال کر رہا ہے۔