داعشی جنگجوؤں نیایک ہی خاندان کے 5 افراد قتل کردیے

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 13-August-2018

بغداد،12اگست ( اے یوایس ) عراق کی پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گرد گروپ ’داعش‘ کے جنگجوؤں نے شمالی شہرتکریت میں ایک چیک پوسٹ کے قریب حملہ کر کے ایک ہی خاندان کے کم سے کم پانچ افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔خبر رساں اداروں کے مطابق یہ واقعہ بغداد کے شمال میں 200 کلو میٹر دور تکریت شہر میں پیش آیا۔تکریت کے ایک پولیس افسر نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ ’داعش‘ کے دہشت گرد جبال حمرین سے گذر کر دریائے دجلہ کو عبور کرتے ہوئے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ایک چیک پوسٹ پر حملہ آور ہوئے۔ یہ چیک پوسٹ شمالی شہر بیجی کے البواجری گاؤں میں قائم ہے۔ پولیس عہدیدار نے بتایا کہ داعش کے حملے میں ہلاک ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ حملہ آور کارروائی کے بعد نامعلوم سمت میں فرار ہوگئے تھے۔