نوٹ بندی معاملے میں مرکز کی سچائی سامنے آئی: کمل ناتھ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 30-August-2018

بھوپال : سابق مرکزی وزیر اور مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر کمل ناتھ نے نوٹ بندی معاملے میں آج مرکز کی نریندر مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کی سچائی ریزرو بینک آف انڈیا کی رپورٹ کے ساتھ سامنے آگئی ہے۔

سابق وزیر نے یہاں صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں کہا کہ نوٹ بندی کے وقت کہا گیا تھا کہ اس سے کالا دھن سامنے آئے گا،لیکن ایسا نہیں ہو پایا،بلکہ اس کا اثر یہ ہوا کہ بے روزگاری میں اضافہ ہواا ور نوٹ بندی کی وجہ سے بڑی تعداد میں چھوٹے کاروبار بند ہوگئے۔ان کے مطابق نوٹ بندی میں مرکزی حکومت پوری طرح سے ناکام رہی اور ریزرو بینک آف انڈیا کی رپورٹ سے یہ صاف ہے۔

ایک دوسرے سوال میں کمل ناتھ نے کہا کہ بیرون ممالک جاکر ملک کے مسائل پر گفتگو کا آغاز وزیر اعظم نریندر مودی نے ہی کیا تھا۔ اب ان کے حمایتی ہی کانگریس صدر راہل گاندھی پر سوال اٹھا رہے ہیں۔

مدھیہ پردیش میں متوقع اسمبلی انتخابات سے متعلق مسٹر کمل ناتھ نے کہا کہ ووٹر لسٹ میں کسی بھی قسم کی کوئی دھاندھلی نہیں ہونی چاہئے ۔انہوں نے مدھیہ پردیش ریاستی حکومت پربھاری بدعنوانی کا الزام بھی لگایا۔