جموں اور کشمیر

کپواڑہ میں ایل او سی پر بارودی سرنگ پھٹنے کے واقعات میں ایک فوجی اہلکار ہلاک، دوسرا زخمی

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 25-August-2018

سری نگر : شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بارودی سرنگ پھٹنے کے دو مختلف واقعات میں ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ دوسرا ایک زخمی ہوگیا ہے۔ مہلوک فوجی اہلکار کی شناخت فوج کی 5/9 جی آر کے ابھیشیک چھتری کی حیثیت سے کی گئی ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گوگل ڈار میں ایل او سی کے نذدیک گذشتہ رات اس وقت بارودی سرنگ پھٹ گئی جب وہاں سے 5/9 جی آر کی گشتی پارٹی کا گذر ہوا۔ انہوں نے بتایا ’دھماکے میں زخمی ہونے والے ابھیشیک چھتری کو فوری طور درگمولہ میں واقع فوجی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہیں ہوسکا‘۔ ایل او سی کے کیرن سیکٹر میں ایسے ہی واقعہ میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا ہے۔ مذکورہ فوجی اہلکار کو علاج ومعالجہ کے لئے سری نگر کے فوجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ’ایل او سی کے کیرن سیکٹر میں بلبیر پوسٹ کے نذدیک گذشتہ رات بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا۔ اس میں رائفل مین نہال گورنج نامی فوجی اہلکار زخمی ہوگیا۔ زخمی اہلکاروں کو ائرلفٹ کرکے سری نگر کی بادامی باغ فوجی چھاونی میں واقع فوجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے‘۔ انہوں نے بتایا ’زخمی فوجی اہلکار کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے‘۔

About the author

Taasir Newspaper