اے ایم یو کے شعبۂ تحفظی و سماجی طب کی جانب سے برولا گاؤں میں صحت کیمپ کا انعقاد

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 10-July-2018

علی گڑھ، 9؍اگست(پریس ریلیز) اجمل خاں طبیہ کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے شعبۂ تحفظی و سماجی طب نے اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی (اگنو)، علاقائی سنٹر علی گڑھ کے اشتراک سے برولا، جعفرآباد میں ایک صحت کیمپ کا انعقاد کیا، جس میں 100؍ سے زائد لوگوں کی طبی جانچ کی گئی، ٹیکے لگائے گئے اور دوائیں تقسیم کی گئیں۔ ای سی جی اور دیگر سہولیات بھی مفت میں فراہم کی گئیں۔ قابل ذکر ہے کہ شعبۂ تحفظی و سماجی طب نے اس گاؤں کو کمیونٹی سروے اور صحت جانچ کے لئے گود لیا ہے۔ کیمپ کا افتتاح فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کے کارگزار ڈین پروفیسر عبدالمنان اور اِگنو کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر ڈاکٹر صفدرِ اعظم نے مشترکہ طور سے کیا۔شعبہ کے چیئرمین پروفیسر ایس ایم اشرف نے اپنی استقبالیہ تقریر میں شعبہ کی سرگرمیوں کا مختصر تعارف کرایا۔ انھوں نے ہیلتھ کیمپ کی تفصیلات پر روشنی ڈا لتے ہوئے کہا کہ آئندہ مزید کیمپ لگائے جائیں گے اور خصوصی کلینک کا اہتمام کیا جائے گا ۔ گاؤں کے پردھان مسٹر یوگیندر لودھی نے شعبہ اور صحت کیمپ کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر صفدرِ اعظم نے اس موقع پر کہاکہ تعلیم سے صحت و صفائی کا گہرا رشتہ ہے۔ کارگزار ڈین پروفیسر عبدالمنان نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ تحفظ اور بچاؤ سب سے بہتر علاج ہے۔انھوں نے دیہی عوام کی فلاح کے لئے سماجی خدمات انجام دینے پر شعبہ کو مبارکباد پیش کی۔ صحت کیمپ کے انچارج ڈاکٹر محمد اسلم نے شکریہ ادا کیا۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر عبدالعزیز خاں نے انجام دئے۔ اس موقع پر پروفیسر اشہر قدیر، ڈاکٹر عمار ابن انور، ڈاکٹر محمد عثمان موجود تھے۔ شعبہ کے پی جی اسکالر س محمد کلیم، محمد جاویداور سعید احمد نے پروگرام کے انعقاد میں تعاون کیا۔ انٹرن شیبا مظفر، ارم عتیق، مبشرہ اور آفرین بھی موجود رہے۔ صحت کیمپ دو بجے دوپہر تک جاری رہا۔ ڈاکٹر اے اے خاں اور ڈاکٹر ایم اسلم نے کیمپ میں کنسلٹنٹ کے فرائض ادا کئے۔ پروگرام کو اِگنو کے علاقائی سنٹر نے اسپانسر کیا تھا۔ دوائیں دواخانہ طبیہ کالج اور سی ایم او علی گڑھ کے ذریعہ فراہم کی گئیں۔