بہار کے نمائندہ شاعر ایم ایم وفا کا ناگہانی انتقال

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 10-July-2018

پٹنہ 09 اگست (م.ن. ع) مغربی چمپارن ضلع ہیڈکوارٹر بتیا سے تعلق رکھنے والے بہار کے نمائندہ شاعر کی حیثیت سے پورے برصغیر میں اپنی خاص پہچان رکھنے والے ایم ایم وفا ؔکا بروز جمعرات سہ پہر اچانک انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر تقریباََ 63 برس تھی۔بتیا سے معروف شاعر ابوالخیرنشتر اور قلم کار ڈاکٹر نسیم احمد نسیم کی اطلاع کے مطابق ان کی نماز جنازہ کل بعد نماز جمعہ جنگی مسجد کے پاس ادا کی جائے گی۔ جبکہ تجہیزوتدفین قبرستان بڑی عیدگاہ، بتیا میں ہوگی۔ایم ایم وفا کے ناگہانی انتقال نے ان کے جملہ متعلقین کے ساتھ ساتھ ریاست اور بیرون ریاست کے شعری وادبی حلقوں کو سوگوار کردیا ہے۔ ان کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ سمیت ایک بیٹا اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔ وہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی سروس سے سبکدوش ہوکر مکمل طور پر شعروادب کی خدمات سے وابستہ ہوگئے تھے۔