خواتین مظالم پر مودی خاموش رہتے ہیں : راہل

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 08-July-2018

نئی دہلی، 7 اگست (یو این آئی) کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے خواتین اور بچیوں کی عصمت دری کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آج کہاکہ حیرت کی بات ہے کہ تمام امور پر بولنے والے وزیراعظم نریندر مودی خواتین پرمظالم کے تعلق سے خاموش ہیں۔مسٹر گاندھی نے یہاں خواتین حقوق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جن ریاستوں میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی حکومتیں ہیں مسٹر مودی ان ریاستوں میں خواتین اور بچیوں کے ساتھ ہونے والے جرائم پر کچھ کیوں نہیں بولتے۔بہار کے مظفرپور اور اترپردیش کے دیوریا میں بچوں کے گھر میں بچیوں کی عصمت داری کے واقعات کے تعلق سے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم سب چیزوں کے بارے میں بولیں گے لیکن خواتین پر وار ہوتا ہے تو وہ ایک لفظ نہیں کہتے۔ بہار میں چھوٹی بچیوں کی عصمت دریہوتی ہے مگر وزیراعظم ایک لفظ نہیں بولتے۔ اترپردیش میں خواتین کی عصمت دری ہوتی ہے لیکن وزیراعظم کے منہ سے ایک لفظ نہیں نکلتا۔ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کی حکومتوں پر خواتین کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے ملک میں بیٹی بچاو اور بیٹی پڑھاو پروگرام شروع کیا۔ ہر ضلع میں بیٹی بچانے کے لئے چالیس لاکھ روپے دےئے ہیں لیکن بی جے پی حکومت میں خواتین کی حالت یہ ہوگئی ہے کہ اسکے رکن اسمبلی سے بیٹیوں کو بچانے کی اپیل کی جارہی ہے۔خواتین کے حقوق کی لڑائی لڑنے کے کانگریس کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر گاندھی نے ڈاکٹر منموہن سنگھ کی قیادت میں ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) حکومت کے ذریعہ شروع کئے گئے مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار اسکیم (منریگا) کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ اس اسکیم سے ملک کی لاکھوں خواتین کو فائدہ ہوا لیکن مسٹر مودی نے اس اسکیم کا پارلیمنٹ میں مذاق اڑایا اور کہا کہ اس کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔