رافیل معاملے پر سونیا کی قیادت میں اپوزیشن کا زبردست احتجاج

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-July-2018

نئی دہلی، 10 اگست (یو این آئی) ترقی پسند اتحاد کی سربراہ اور کانگریس پارلیمنٹری بورڈ کی لیڈر سونیا گاندھی کی قیادت میں اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈر نے رافیل طیارہ سودے کی جانچ کے مطالبے کے حق میں جمعہ کے روز پارلیمنٹ کے احاطہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پارلیمنٹ کی کارروائی شروع ہونے سے قبل محترمہ گاندھی کی قیادت میں کانگریس کے سینیئر لیڈر اے کے انٹونی، راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر غلام نبی آزاد، لوک سبھا میں پارٹی کے لیڈر ملک ارجن کھڑگے سمیت کئی سینیئر لیڈر پارلیمنٹ کے احاطہ میں مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے سامنے اکٹھے ہوئے اور رافیل سودے کی مشترکہ پارلیمانی سمیتی سے جانچ کروانے کے مطالبے کے حق میں احتجاج کیا۔محترمہ گاندھی کی قیادت میں کانگریسی لیڈروں کے ساتھ ہی سماج وادی پارٹی کے رام گوپال یادو، بہوجن سماج پارٹی کی مایاوتی، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی وندنا چوہان، عام آدمی پارٹی کے سشیل گپتا اور بھارتیہ کمیونسٹ پارٹی کے ڈی راجہ نے بھی احتجاج کیا اور کہا کہ رافیل سودے میں بڑی بے ضابطگیاں ہوئی ہیں۔ اس لئے اس کی جانچ مشترکہ پارلیمانی سیمتی سے کروائی جانی چاہئے۔احتجاجی مظاہرہ کرکے کئی لیڈروں کے ہاتھوں میں اپنے مطالبے کے حق کے متعلق نعرے لکھی ہوئی تختیاں اٹھا رکھی تھیں اور سرکار کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے۔ کانگریس اس معاملے کو سڑک سے پارلیمنٹ تک زور شور سے اٹھا رہی ہے ۔ محترم آزاد نے کہا کہ رافیل سودے کے معاملے میں پوری اپوزیشن ایک ساتھ کھڑی ہے۔