افغانستان کو دو اچھے تیز بولر درکار : سمنز

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 24-September-2018

دبئی ، (یو این آئی )افغانستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور ویسٹ انڈیز کے سابق اوپنر فل سمنز کا کہنا ہے کہ اگر افغانستان کے پاس دو اچھی کوالٹی کے تیز بولر آجائیں تو یہ ٹیم اپنی کارکردگی سے مزید بہتر ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے پاس ورلڈ کلاس اسپنرز ہیں،اچھے بلے باز ہیں لیکن کوالٹی فاسٹ بولروں کو مس کررہے ہیں۔پاکستان کے خلاف میچ ہارنے کے بعد فل سمنز نے کہا ایشیا کپ میں ہماری ٹیم نے اپنی کارکردگی سے سب کو حیران کردیا ہے۔پاکستان کے خلاف میچ ہم اپنی ناتجربہ کاری کی وجہ سے ہارے ہیں۔لیکن اگر ہم مزید30,35رنز بنالیتے توپاکستان کو ہراسکتے تھے۔اس کے باوجود افغان ٹیم نے دنیا کی مضبوط ترین ٹیم کو سخت فائٹ دی۔فل سمنز نے کہا کہ ہر میچ کے بعد ہماری کارکردگی میں بہتری آرہی ہے۔اس ٹورنامنٹ میں افغان کرکٹرز نے ثابت کیا ہے اس کی غیر معمولی کارکردگی تکا نہیں ہے۔امید ہے کہ ہم ایشیا کپ میں اچھا فنش کریں گے۔افغانستان میں کئی نوجوان تیز بولر ہیں ان میں سے اچھے فاسٹ بولر تلاس کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ شکست کا سب کو افسوس ہے لیکن ڈریسنگ روم کا ماحول نارمل رہا۔