اولمپکس میں کرکٹ کو شامل کیا جائے : لارا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 07-September-2018

نيويارک (یو این آئی ) ویسٹ انڈیز کے عظیم بلے باز برائن لارا نے کرکٹ کو اولمپک کھیلوں میں شامل کرنے کی وکالت کی ہے۔ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں ساتویں نمبر پر موجود لارا نے کرکٹ کے سب سے چھوٹے فارمیٹ ٹوئنٹی -20 کو اولمپک کھیلوں میں شامل کرنے کی وکالت کی ہے۔ بائیں ہاتھ کے عظیم بلے باز لارا نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے 299 ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلے ہیں لیکن ٹوئنٹی -20 کرکٹ کے بین الاقوامی میچ شروع ہونے سے پہلے ہی لارا نے ریٹائرمنٹ لے لیا تھا۔لارا نے کہاکہ اپنے دوسرے ٹیسٹ میچ میں کھیلنے سے پہلے میرے پاس تقریبا 25 ون ڈے میچ کھیلنے کا تجربہ تھا جس سے مجھے کھیل کے جارحانہ پہلو کو سمجھنے میں کافی آسانی ہوئی۔ اگر مجھے آج کے دور میں ٹوئنٹی -20 کرکٹ کھیلنا ہوتا تو اس سے میری ٹیسٹ کھیلنے کی صلاحیت پر کوئی اثر نہیں پڑتا بلکہ میری ٹیسٹ کی اسکورنگ قدرتی طور پر تیز رہتی۔قابل ذکر ہے کہ 1900 میں پیرس میں ہوئے اولمپک کھیلوں میں آخری بار کرکٹ کو شامل کیا گیا تھا جس میں برطانیہ نے طلائی تمغہ جیتا تھا۔