اُردو یونیورسٹی میں سوچھتا پکھواڑا کا جوش و خروش سے اہتمام

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 13-September-2018

حیدرآباد، (پریس ریلیز) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں یکم تا 15 ؍ ستمبر پندرہ روزہ صفائی مہم ’’سوچھتا پکھواڑا ‘‘ جاری ہے۔ اس کے تحت یونیورسٹی کیمپس میں مختلف صفائی پروگرامس کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ، صدر نشین کمیٹی نے آج صفائی مہم میں شامل طلبہ و اسٹاف اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مذاہب میں بھی صفائی کی اپنی اہمیت ہے۔ اسلام نے پاکی کو آدھاایمان قرار دیا ہے۔ صحت مند زندگی ہی خوشحال زندگی ہوتی ہے۔ صفائی کا کام کسی ایک کا نہیں بلکہ سبھی کا ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر ایم اے سکندر، رجسٹرار نے شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ صحت مند ہندوستان کا تصور تبھی ممکن ہے جب ہم اپنی نجی زندگی ہی نہیں بلکہ گھروں اور محلوں میں بھی صفائی کا اہتمام کریں۔ انہوں نے این ایس ایس طلبہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں سے آج یونیورسٹی کیمپس میں نہ صرف ایسے پروگرام منعقد ہورہے ہیں بلکہ انہی کی باعث یونیورسٹی انتہائی صاف ستھری نظر آتی ہے۔ ڈاکٹر محمد فریاد، کوآرڈینیٹر کمیٹی نے کہا کہ اس مہم کے دوران بالخصوص جھاڑیوں کی صفائی، دفاتر، ہاسٹلس اور کھلے مقامات کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں صفائی کے اعتبار سے ہاسٹل کے بہترین کمرہ، بہترین دفتر کو بھی سرٹیفکیٹ دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ طلبہ کے لیے مختلف سرگرمیوں بشمول، تحریری و تقریری مقابلے، کولاج میکنگ، پوسٹر سازی، اسکیچ کی تیاری کے مقابلے منعقد کیے جارہے ہیں۔ سوچھتا پکھواڑے کے تحت عوام میں صفائی کے تئیں شعور بیداری کے لیے 14؍ ستمبر کو مانو ماڈل اسکول، فلک نما، حیدرآباد سے سوچھتا ریلی نکالی جائے گی۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد یوسف خان، جناب انیس اعظمی، ڈاکٹر عرشیہ اعظم نے بھی مخاطب کیا۔ پکھواڑا کمیٹی کے اراکین ڈاکٹر کفیل احمد، محمد اسرار عالم، معراج احمد، محمد اقبال خان، ڈاکٹر علیم الدین خان،ڈاکٹر محمد افروز عالم، بی بھکشاپتی، وسیم راجہ، ڈاکٹر محمد افسرعلی رائنی کے علاوہ این ایس ایس والینٹرس کی بڑی تعداد نے مہم میں حصہ لیا۔