اپوزیشن اپنا کردار نبھانے میں ناکام: منوہرلال

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 28-September-2018

چنڈی گڑھ   (ایجنسی) : ہریانہ کی راجدھانی چنڈی گڑھ میں آج رائزنگ ہریانہ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ نیوز چینل نیوز18 نے ترقی کی تھیم کو آگے بڑھاتے ہوئے مختلف ریاستوں کے عوام اور خواص سے لگاتار بات کررہا ہے۔ اسی سلسلے میں اس پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں دوسرے سیاسی رہنمائوں کے علاوہ ریاست کے وزیراعلیٰ منوہر لال کھٹربھی شریک ہوئے۔پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ منوہر لال کھٹر نے کہا ہے کہ اپوزیشن اپنا کردار نہیں نبھاپارہا ہے۔ کھٹر نے رائزنگ ہریانہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کہتا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پاس تجربہ نہیںہے تو میں کہتا ہوں کہ ہاں! مجھے لوٹ کھسوٹ کا تجربہ نہیں ہے۔ لیکن مجھے عوام کی خدمت کرنے کا 40 سالہ طویل تجربہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کانگریس نے ہمیشہ خاندانی سیاست کو فروغ دیا۔ لیکن ہم نے ہمیشہ اس کی مخالفت کی۔ آج بی جے پی واحد ایسی پارٹی ہے جس میں خاندانی سیاست کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔