ریاست

اے ایم یو شیخ الجامعہ کی اہلیہ ڈاکٹر حمیدہ طارق کی ’علی گڑھ بچوں کا گھر میں آمد سے بچوں کا حوصلہ دوبالا

Profile photo of Taasir Newspaper
Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-September-2018

علی گڑھ (پریس ریلیز)’علی گڑھ بچوں کا گھر‘ ملت کا ایک ایسا ادارہ ہے جو اپنی جانب ملت کے ہمدردوں اور بہی خواہوں کی توجہ ہمیشہ ہی ملتفت کرتا رہتا ہے۔ در اصل اس ادارے کے بانی اور چیئر مین امان اللہ خان کے خلوصِ عمل اور اخلاصِ نیت کا ہی ثمرہ ہے کہ ملک و بیرونِ ملک کی معتبر علمی، سماجی اور ملی شخصیات اپنے لطف و اکرام کی بارش سے اس نادر المثال ادارے کی ہمت افزائی کرتے رہتے ہیں۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر آج مورخہ ۱۱؍ ستمبر کو ’علی گڑھ بچو ں کا گھر‘ میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شیخ الجامعہ پروفیسر طارق منصور کی اہلیہ ڈاکٹر حمیدہ طارق صاحبہ کی تشریف آوری ہوئی۔ پیشے سے بچوں کی ڈاکٹر محترمہ حمیدہ طارق صاحبہ کی آمد اے ایم یو کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شارق عقیل کے ساتھ ہوئی اور انہوں نے یہاں کے بچوں کے اندر تعلیمی لگن ، نظم و ضبط اور خوش اطواری کو دیکھ کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر حمیدہ طارق صاحبہ نے کہا کہ اس ادارے کے طلباء وطالبا ت سے ملنے اور ان کے اندر موجود خود اعتمادی کو دیکھنے کے بعد ایسا کہیں سے نہیں لگ رہا ہے کہ ان بچوں میں اکثریت یتیم اور نادار بچوں کی ہے ، ان میں ایسی اعتمادی سازی پیدا کردینا کہ محرومی کا کوئی احسا س ان پر غالب نہ آئے اور وہ اپنے مستقبل کی تعمیر میں پورے عزم و اعتماد اور یکسونیت محویت کے ساتھ جڑ جائیںجیسا کہ مجھے یہاں نظر آرہا ہے ، میرے خیال سے اس سے بڑی نہ کوئی خدمت ہو سکتی ہے اور نہ کوئی بات کہ ملت کے یتیم و نادار بچوں کی زندگی کو بطریق احسن سنوارا جائے اور ایک ایسا مستقبل ان کے حوالے کرنے کی سبیل کی جا ئے کہ وہ ان کا سارا غم غلط کر دے۔ ڈاکٹر حمیدہ طارق صاحبہ نے مزید کہا کہ میں بحیثیت طبیبِ اطفال یہ کہہ سکتی ہوں کہ ’علی گڑھ بچوں کا گھر ‘ان کیلئے اپنے گھر سے بہتر ثابت ہو رہا ہے اور اس میں رہنے اور تعلیم پانے وا لے بچے یقینی طور پر صحیح سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ محترمہ نے کہا کہ میں ادارے کے بانی امان اللہ خان اور ان کے جملہ رفقائے کار کو اس ادارے کو مثالی بنانے اور انتہائی خوش اسلوبی سے چلانے کیلئے مبا رکباد پیش کرتی ہوں اور دعا گو ہوں کہ ان کے مساعی جمیلہ کو دین و دنیا دونوں ہی جگہ سرخروئی حاصل ہو۔جاتے جاتے محترمہ نے بچوں کو بھی اپنی ڈھیر ساری دعائوں سے نوازا اور ان کے بہتر مستقبل کی نیک خوا ہشات کے ساتھ بچوں سے اجازت چاہی۔’ علی گڑھ بچوں کا گھر ‘شیخ الجامعہ کی اہلیہ محترمہ ڈاکٹر حمیدہ طارق کا تہِ دل سے مشکور ہے اور امید کر تا ہے کہ آئندہ بھی وہ اپنی آمد سے اس ادارے کے اعتبار و وقار کو بڑھا تی رہیں گی۔ ادارہ کے رکن انیس حمدنے ڈاکٹر حمیدہ طارق صاحبہ اور ڈاکٹر شارق عقیل صاحب کا خیر مقدم کرتے ہوئے علی گڑھ بچوںکے گھر میں اُن کی تشریف آوری کا تہِ دل سے شکریہ ادا کیا ور مستقبل میں بھی ادارہ میں تشریف لاکر بچوں کی حوصلہ افزائی فرمانے کی پُرخلوص گزارش کی اور ’علی گڑھ بچوں کا گھر‘ کی کارکردگی کا ایک مختصر تعارف پیش کر تے ہوئے کہا کہ گذشتہ اٹھارہ برسوں میں اس ادارے نے بہت سے ایسے باصلاحیت بچوں کی تعلیم و تربیت کا فریضہ انجام دیا ہے جو آج ملک اور بیرونِ ملک کے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔واضح ہو کہ ’علی گڑھ بچوں کا گھر‘ ایک ایسا یتیم خانہ ہے جس میں اقامت پذیر یتیم بچوں کی ہمہ جہت پیش رفتی اور ان کے پاکیزہ و مہذب افعال و کردار کا مشاہدہ کر نے کی خاطر نیز ان کے سروں پر دستِ شفقت دراز کرنے کیلئےاکثر و بیشتر لوگ آتے رہتے ہیں اور بچو ں کاطرزِ رہائش، ان کے قیام و طعام اور تعلیم و تدریس کو دیکھ کر متاثر ہو ئے بنا نہیں رہتے-’علی گڑھ بچوں کا گھر‘ کی انتظامیہ کی ہمیشہ یہ کوشش رہتی ہے کہ اس میں رہنے والے بچوں کو کبھی بھی احساسِ یتیی و محرومی نہ ہو جس کی خاطر وہ گاہے بہ گاہے تعلیمی و تربیتی اور انٹریکشن سیشن کا انعقاد کرتی رہتی ہے جس میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ماہرینِ تعلیم کے علاوہ اپنے ملک کے دیگر صوبوں اور بیرونِ ملک کے دانشوران اور اہلِ خیر حضرات شریک ہوکر بچوں سے براہِ راست ملکر اپنے نیک مشوروں سے ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔آج اس ادارے میںڈاکٹر حمید ہ طارق صاحبہ اور ڈاکٹر شارق عقیل صاحب کی آمد بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔اس موقع اے بی کے جی گرلس وینگ کی طالبا ت او ر وارڈن صاحبہ بھی موجود تھیں ۔بچوں نے ڈاکٹر حمیدہ طارق صاحبہ او ر ڈاکٹر شارق عقیل صاحب سے بہت سارے سوالات کئے اور آپ دونوں نے بہت ہی اطمینان بخش جوابات دیکر انہیں مطمئن کیا۔

About the author

Profile photo of Taasir Newspaper

Taasir Newspaper

Skip to toolbar