بالی ووڈ اداکار دلیپ کمار دو ہفتوں بعد ہسپتال سے ڈسچارج

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 25-September-2018

ممبئی۔( یو این این )شہنشاہ جذبات کہلائے جانے والے بولی وڈ کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کو 2 ہفتوں بعد ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔دلیپ کمار کو رواں ماہ 5 ستمبر کو ممبئی کے لیلاوتی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔لیجنڈ اداکار کو اچانک سینے میں درد اور نمونیا ہوگیا تھا، جس وجہ سے انہیں 2 ہفتوں تک انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو)میں رکھا گیا تھا۔ابتدائی 3 دن تک دلیپ کمار کی حالت انتہائی خراب تھی، تاہم چوتھے روز ان کی طبیعت میں بہتری آنا شروع ہوگئی تھی۔ لیجنڈ اداکار کو مسلسل 2 ہفتوں تک انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھے جانے اور مصنوعی طریقے سے سانس دیے جانے کے بعد طبیعت میں بہتری آنے پر ڈسچارج کردیا گیا۔یہ پہلا موقع ہے کہ دلیپ کمار کو 2 ہفتوں تک ہسپتال میں داخل کیا گیا، جن میں سے زیادہ تر دن وہ آئی سی یو میں داخل رہے۔دلیپ کمار گزشتہ ایک دہائی سے بیمار اور کمزور ہیں، انہیں متعدد بار سینے میں درد، سانس لینے میں دشواری، بخار اور دیگر بیماریوں کے باعث ہسپتال داخل کرایا جاتا رہا ہے۔پشاور میں 11 دسمبر 1922 کو پیدا ہونے والے دلیپ کمار کا اصل نام یوسف خان ہے اور انہوں نے 1944 میں 22 سال کی عمر میں فلمی دنیا میں قدم رکھا۔