برطانوی سکھ شاہی گارڈ منشیات کے ٹیسٹ میں فیل

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 27-September-2018

لندن ،( اے یوایس) برطانوی فوج کے کولڈ سٹریم گارڈز کی کلر پریڈ میں شامل ہونے والے پہلے سکھ فوجی کا کوکین کے استعمال کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔22 سالہ چرن پریت سنگھ کا تعلق لیسٹر سے ہے اور ان کے ونزر کی وکٹوریہ بیرکس میں ہونے والے کلاس اے ڈرگ ٹیسٹ میں منشیات کے استعمال کی بہت زیادہ مقدار سامنے آئی ہے۔برطانوی اخبار سن کے مطابق چرن سنگھ ان تین فوجیوں میں شامل ہیں جن کا منشیات کے استمعال کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔برطانوی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ منشیات کا استعما ل کرنے والے فوجیوں کو ہو سکتا ہے کہ فوج سے نکال دیا جائے ۔ برطانوی فوج کے شعبہ پرسنل سروسز کے سربراہ بریگیڈئیر کرسٹفور کولز کا کہنا ہے کہ’ وہ تصدیق کر سکتے ہیں کہ اس وقت کولڈ سٹریم گارڈ کے متعدد فوجی مبینہ طور پر منشیات کے استعمال پر زیر تفتیش ہیں۔ اور منشیات کے استعمال میں پکڑے جانے والے فوجیوں کو نوکری سے نکالا جا سکتا ہے۔‘ابھی تک چرن پریت سنگھ کے علاوہ دیگر فوجیوں کی شناخت کو ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔جون میں پہلے سکھ فوجی تھے جو کولڈ سٹریم گارڈز کا کلر پریڈ میں حصہ بننے والے فوجیوں میں شامل ہوئے تھے اور اس وقت انھوں نے کہا کہ پہلی بار پگڑی پہن کر پریڈ میں حصہ لینا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے ۔ انھوں نے اس وقت بتایا تھا کہ وہ اس پیش رفت کو تاریخ میں ایک نئی تبدیلی کے طور پر دیکھ رہے ہیں اور ’امید کرتے ہیں کہ ان جیسے مزید لوگ، صرف سکھ ہی نہیں بلکہ دیگر مذاہب اور مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد کی فوج میں شمولیت اختیار کرنے کی حوصلہ افزائی ہو گی۔‘ملکہ بر طانیہ کی سرکاری سالگرہ کے موقع پر کیپ سٹار تقریب میں شامل فو جیوں نے بیئر سکن جبکہ چرن پریت سنگھ نے کالی پگڑی پہنی تھی۔