’بھارت بند‘ کو کامیاب بنانے میں راجد رہے گا آگے

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 10-September-2018

پٹنہ (اسٹاف رپورٹر): ریاست میں مبینہ طور پر گرتے ہوئے نظم ونسق، بڑھتی ہوئی مہنگائی،پٹرول ڈیزل اور کسانوں کے مسائل پر غور وخوض کیلئے اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرساد یادو کی صدارت میں راجد کے سینئر رہنمائوں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں مذکورہ مسائل سے ریاست کے عوام کو نجات دلانے کے نکات پر غور کیا گیا اور حکمت عملی مرتب کی گئی۔ میٹنگ میں کل کے بھارت بند کی مکمل حمایت کا بھی فیصلہ لیا گیا۔ اس موقع سے تیجسوی یادو نے بتایا کہ راشٹریہ جنتا دل اپنی ذمہ داری کو بخوبی نبھائے گی اور ہر سطح پر حکومت کی تادیبی پالیسیوں کی مخالفت کرے گی۔ میٹنگ میں پارٹی کے قومی نائب صدر روگھوونش پرساد سنگھ، شیوانند تیواری ، جگدا نند سنگھ، منگنی لال منڈل ، پارٹی کے ریاستی صدر رام چندر پوربے ،سابق وزیر اور پارٹی کے سینئر لیڈر آلوک کمار مہتا ، شیو چندررام، سابق ایم ایل سی اور سینئر پارٹی لیڈر ڈاکٹر تنویر حسن، ایم ایل اے للت یادو، محترمہ سویٹی ہیمبرم اور کمار سروجیت سمیت بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان اس موقع سے موجود تھے۔