بھارت پہلی پوزیشن پر برقرار، وراٹ بنے نمبر ون ٹسٹ بلے باز

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 13-September-2018

دبئی، (یواین آئی) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی اگرچہ اپنی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف جیت نہیں دلا سکے لیکن وہ پانچ میچوں کی اس سیریز کے بعد بدھ کو جاری تازہ ترین آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں دنیا کے نمبر ایک بلے باز بن گئے ۔ ہندوستان کو پانچ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کے ہاتھوں چار۔ایک سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن اپنی کارکردگی کی بدولت وراٹ انگلینڈ کے سیم کیرن کے ساتھ مشترکہ طور پر مین آف دی سیریز منتخب کئے گئے۔وراٹ ابھی 930 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ٹیسٹ بلے بازی رینکنگ میں سرفہرست ہیں۔ وراٹ بال ٹیمپرنگ کی وجہ سے 12 ماہ کی پابندی کا سامنا کررہے آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ سے ایک پوائنٹس آگے ہیں جو اب دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ہندوستانی کپتان سیریز کی شروعات میں اسمتھ سے 27 پوائنٹس پیچھے تھے لیکن منگل کو پانچویں اور آخری میچ کے اختتام کے بعد وہ ایک پوائنٹس کی برتری کے ساتھ اسمتھ کو پیچھے چھوڑنے میں کامیاب رہے۔ ہندوستان آخری میچ اوول میں 118 رن سے ہارا تھا۔ وراٹ اب چار اکتوبر سے ویسٹ انڈیز کے خلاف شروع ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی گھریلو سیریز میں اپنے چوٹی کے مقام کا دفاع کریں گے۔ انگلینڈ کے سلامی بلے باز ایلیسٹیر کک ہندوستان کے خلاف اس سیریز کے بعد ریٹائر ہو گئے ہیں لیکن پانچویں میچ میں 71 اور 147 رنز کی مین آف دی میچ کارکردگی کے ساتھ وہ چوٹی کے 10 بلے بازوں میں شمار ہو گئے ہیں۔کک سب سے زیادہ ٹیسٹ رن بنانے والے آل ٹائم فہرست میں پانچویں بلے باز بن گئے ہیں۔ ان کے 709 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ 33 سالہ بلے باز نے آخری بار ستمبر 2011 میں کیریئر کی بہترین دوسری رینکنگ حاصل کی تھی۔ اسی سال کک کو آئی سی سی کے کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ سے نوازا تھا۔آئی سی سی کے چوٹی کے 10 بلے بازوں میں چتیشور پجارا دیگر ہندوستانی کھلاڑی ہیں جو اپنے چھٹے نمبر پر برقرار ہیں اور ان کے772 ریٹنگ پوائنٹس برقرار ہیں۔ سلامی بلے باز لوکیش راہل اور وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کو بھی درجہ بندی میں بڑا فائدہ ہوا ہے۔آخری میچ میں 149 رنز کی بہترین اننگز کھیلنے والے راہل 16 مقام کی چھلانگ کے ساتھ 19 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ پنت 63 مقام اٹھ کر 111 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ پنت نے اپنے تیسرے ٹیسٹ میچ میں 114 رنز کی اننگز کھیلی تھی جو ان کی پہلی ٹیسٹ سنچری ہے۔آل راونڈرر ویندر جڈیجہ کے پانچویں میچ کی پہلی اننگز میں ناٹ آوٹ 86 رنز کی بدولت 12 مقام کے فائدے کے ساتھ بلے بازوں میں 58 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ وہ آئی سی سی کے آل راؤنڈر کی فہرست میں بھی ایک پائیدان کی بہتری کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔آئی سی سی ٹیسٹ گیند بازی رینکنگ میں انگلینڈ کے تیزگیندباز جیمس اینڈرسن سیریز کے بعد دنیا کے نمبر ایک گیندباز بن گئے ہیں۔ وہ ہندوستان کے ساتھ سیریز کی شروعات میں تیسرے نمبر پر تھے۔