بین الاقوامی سرحد پر راج ناتھ ‘اسمارٹ باڑ کا افتتاح کریں گے

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 14-September-2018

نئی دہلی، (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ پیر کو جموں میں بین الاقوامی سرحد پر اعلی ٹیکنالوجی پر مبنی ‘الیکٹرونک باڑ کاافتتاح کریں گے جس سے چوکیوں پر تعینات سکیورٹی اہلکاروں کو دراندازوں کے بارے میں فوری طور پر معلوم ہو سکے گا۔جموں میں بین الاقوامی سرحد کے دو حصوں پر لگائی جانے والی تقریبا 10 کلومیٹر لمبی یہ ‘اسمارٹ باڑ غیر بصری ہوگی اور سرحد پر دراندازی کی ہلچل ہوتے ہی انفرا ریڈ سینسر کی مدد سے قریب کی چوکی کو فوری طور پر اس کی اطلاع دے گی۔ اس سال سرحد پار سے دراندازی کی تقریبا 150 کوششیں ہوئی ہیں اور 70 سے زائد دہشت گرد دراندازی میں کامیاب رہے ہیں۔ وزارت داخلہ کے مطابق، یہ باڑ ایک وسیع مربوط سرحدی انتظام کے نظام کا پائلٹ پروجیکٹ کے تحت نصب کی جائے گی ۔ یہ ایک الیکٹرانک نگرانی نظام ہے جو تھرمل امیجرس، گراؤنڈ سینسرس، فائبر آپٹک سینسر، ریڈار اور سونار جیسے جدید ترین آلات سے معلومات حاصل کرتی ہے۔