تلک رتنے دلشان کی دوبارہ ٹیم میں واپسی کی تیاری

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 22-September-2018

کولمبو ، (یو این آئی ) سری لنکا کے مایہ ناز بلے باز تلک رتنے دلشان نے 42 سال کی عمر میں دوبارہ نیشنل ٹیم میں واپسی کا عندیہ دیدیا ہے۔دلشان کو دھواں دار بلے بازی اور ان کی خاص شاٹ کے باعث پوری دنیا میں جانا جاتا ہے۔انہوں نے مختلف وجوہات کی بنا پر 2016 میں ریٹائرمنٹ لے لیا تھا۔سری لنکا کرکٹ ٹیم لست ملنگا کی واپسی کے باوجود بھی مشکلات کا شکار ہے اور ایشیا کپ میں افغانستان اور بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکی ہے اور اسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے تلک رتنے دلشان ٹیم میں واپسی پر غور کر رہے ہیں۔انہوں نے ‘لیک ایف ایم ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا ٹیم اس وقت مشکلات کا شکار ہے اس لئے میں ٹیم میں واپس آ سکتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں 2019 تک کھیلنا چاہتا تھا مگر بہت سے مسائل کے باعث ریٹائرمنٹ لیا۔ دلشان نے 2016 میں اپنے کیرئیر کا آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میچ آسٹریلیا کےخلاف کھیلا تھا اور صرف ایک رن ہی بنا پائے تھے جبکہ پوری ٹیم 128 رنز بنا سکی۔