حاجی پور مسجد چوک پر فائرنگ دو ہلاک،ہنگامہ، تو ڑ پھوڑ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 22-September-2018

پٹنہ،( نمائندہ)ویشالی ضلع صدرمقام حاجی پور شہر میں نگر تھانہ کے قریب ہی دو فریقوں میں پرتشدد جھڑپ میں دونوجوانوں کا قتل ہوگیا۔ قتل کے بعد شہر میں کشیدگی پھیل گئی ہے۔ بڑی تعداد میں پولس دستہ کو تعینات کرکے علاقے کو چھاؤنی میں تبدیل کیا گیا۔ ڈی ایم اس پی سمیت اعلیٰ افسر موقع واردات پر پہنچ گئے ہیں۔ حاجی پور میں کل دیر رات گولی باری میں دو نوجوان شدید طور سے زخمی ہوگئے ۔ ایک کی وہیں کچھ ہی دیر بعد موت ہوگئی۔ دوسرے کی پی ایم سی ایچ میں موت ہوگئی۔ مرنے والے نوجوانوں کا نام محمد شاہنواز اور محمد آزاد ہے۔ نوجوانوں کے قتل کے بعد علاقہ میں صبح سے ہی کشیدگی کا ماحول ہے۔نگر تھانہ علاقہ کے مسجد چوک پر گولی باری کے بعد دو فریقوں میں جم کر پتھراؤ ہوا۔ حالات کو بے قابو ہوتا دیکھ بڑی تعدادمیں پولس دستہ کو تعینات کردیا گیا۔ اس دوران گھروں کے چھتوں سے پولس پر پتھراؤ شروع ہوگیا، جس کے بعد پولس نے شرپسند عناصر کو دوڑا دوڑا کر پیٹا۔ پولس اور ناراض لوگوں میں جھڑپ میں کئی پولس اہلکاروں کو بھی چوٹیں آئی ہیں۔ وہیں شرپسندوں کو بھگانے کے لئے پولس نے کئی راؤنڈ ہوائی فائرنگ بھی کی ہے۔ شرپسندوں نے صدر اسپتال میں بھی جم کر توڑپھوڑ کی اور ڈاکٹروں کے ساتھ بدسلوکی کی اور ایمبولینس کو بھی توڑ دیا۔بتایا جارہا ہے کہ شہنواز قریشی کی موت موقع پر ہوگئی تھی۔ اس واقعہ کے بعد الزام ہے کہ افواہ نے خطرناک شکل اختیار کرلی۔ د ددوکانوں کو آگ کے حوالے کردیا گیا۔ دونوں فریقوں میں جھڑپ ہونے لگی۔ علاقے میں اب بھی کشیدگی برقرار ہے۔جس کو لے کر ایس ایس بی کے جوانوں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ ویشالی کے ڈی ایم راجیو روشن نے بتایا کہ علاقے میں شرپسند عناصر کے جمع ہونے پر پابندی لگائی گی ہے۔ حالات قابو میں ہیں۔