Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-September-2018
نئی دہلی، (ایجنسی):دہلی کی پٹیالہ ہائوس کورٹ ریلوے ٹینڈر گھوٹالہ معاملہ میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)کے ذریعہ داخل کی گئی چارج شیٹ پر 17ستمبر کو فیصلہ کرے گی۔ اس معاملہ میں راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو پرساد یادو، ان کی بیوی رابڑی دیوی سمیت 16لوگوں کو ملزم بنایا گیا ہے۔ ای ڈی نے یہ جنہیں ملزم بنایا ہے ان میں لالو یادو، رابڑی دیوی، تیجسوی یادو، میسرس لارا پروجیکٹ ایل ایل پی،سرلا گپتا، پریم چند گپتا، گورو گپتا، ناتھ مل ککرانیا، راہل یادو، وجے ترپاٹھی، دیوکی نندن تلسیان، میسرس سجاتا ہوٹل، ونے کوچر، وجے کوچر، راجیو کمار ریلان اور میسرس ابھیشیک فائنانس پرائیویٹ لمیٹڈ شامل ہیں۔ لالو یادو پر الزام ہے کہ انہوں نے ریلو ے وزیر رہتے ہوئے ریلوے کے دو ہوٹلوں کو آئی آر سی ٹی سی کو منتقل کیا اور ہوٹلوں کی دیکھ ریکھ کے لئے ٹینڈر جاری کئے تھے۔ رانچی اور پوری کے دو ہوٹلوں کا الاٹمنٹ کوچر برادران کی کمپنی سجاتا ہوٹل کو ٹرانسفر کر دیا تھا۔