ستمبر کے پہلے ہفتے میں سبھی بینک کھلے رہیں گے : حکومت

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 01-September-2018

نئی دہلی، 31 اگست (یواین آئی) سوشل میڈیا میں ستمبر کے پہلے ہفتے میں مختلف وجوہات کے سبب بینکوں میں چھ دن کام کاج نہ ہونے کی افواہ پھیلائی جارہی ہے جس کے پیش نظر حکومت نے جمعہ کو واضح کیا کہ بینک صرف 02 ستمبر (اتوار کے روز) اور 08 ستمبر یعنی دوسرے ہفتہ کے روز ہی بند رہیں گے۔ باقی روز بینکوں میں عام دنوں کی طرح کام کاج ہوگا۔ وزارت خزانہ نے اس سلسلے میں ایک بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا میں ایسی افواہ پھیلائی جا رہی ہے کہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں بینک چھ دن کے لئے بند رہیں گے۔اس سے عام لوگ بے وجہ پریشان ہو رہے ہیں۔ یہ واضح کیا جا رہا ہے کہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں بینک کھلے رہیں گے اور عام دنوں کی طرح کا م کاج ہوگا۔ بینک صرف اتوار کے روز (دو ستمبر )اور 08 ستمبر (دوسرا ہفتہ ) کے دن ہی بند رہیں گے۔ اس کے علاوہ 03 ستمبر کو ملک میں سب جگہ چھٹی نہیں ہے۔ اس روز نیگوشیبل انسٹرومینٹس ایکٹ، 1881 کے تحت صرف چند ریاستوں میں ہی بینک بند رہیں گے۔بینک جس روز بند رہیں گے ان دنوں تمام ریاستوں میں اے ٹی ایم مکمل طور پر کام کرتے رہیں گے۔آن لائن بینکنگ خدمات پر بھی کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ بینکوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اے ٹی ایم مشینوں میں بڑی تعادا میں نقد رقم کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔واضح رہےکہ 03 ستمبر کو جنم آشٹمی کی وجہ سے کچھ ریاستوں میں چھٹیاں ہیں۔ ریزرو بینک کے حکام اور ملازمین کے یونائیٹڈ فورم نے اپنی مختلف مطالبات کے سلسلے میں 04 اور 05 ستمبر کو اجتماعی چھٹی پر جانے کا اعلان کیا ہے جسے سوشل میڈیا میں بینک کی ہڑتال بتایا جا رہا ہے۔