سرجیکل اسٹرائک ڈے منانا سیاسی اغراض پر مبنی نہیں: جاوڈیکر

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 21-September-2018

نئی دہلی – (یو این آئی) ملک کی یونیورسٹیوں میں’سرجیکل اسٹرائک ڈے‘ منائے جانے کے سلسلے میں اٹھنے والے تنازعہ کے درمیان انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر پرکاش جاوڈیكر نے سرجیکل اسٹرائک کے سیاسی استعمال کے الزامات سے انکار کرتے ہوئے جمعہ کو واضح کیا کہ اس دن کو منا نا لازمی نہیں ہے۔

یونیورسٹی گرانٹ کمیشن (یو جی سی) نے 19 تاریخ کو تمام شیخ الجامعہ کو خط لکھ کر تمام یونیورسٹیوں میں 29 ستمبر کو سرجیکل اسٹرائک ڈے منانے کا مشورہ دیا تھا۔

مسٹر جاوڈیکر نے اس پر صفائی دیتے ہوئے کہا کہ 29 ستمبر کو سرجیکل اسٹرائک کی دوسری سالگرہ کے دن نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) کی پریڈ ہو اور طالب علموں کو یہ بتایا جائے کہ کس طرح ہمارے نوجوان ملک کی حفاظت کرتے ہیں، لاکھوں طلبہ اور ادارے اسے سننا چاہتے ہیں۔ یہ فوج کے وقار میں اضافہ اور سرجیکل اسٹرائک کی خاصیت بتانے کے لئے ہے۔