سیٹوں کی تقسیم پر بات چیت آخری مرحلے میں:جے ڈی یو

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 16-September-2018

ٹنہ – (یو این آئی) قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے دھڑے جنتا دل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) نے آج کہا کہ سال 2019 میں ہونے والے لوک سبھاانتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم پر بات چیت آخری مرحلے میں ہے اور اس کا اعلان جلد ہی کردیا جائے گا۔

جنتا دل یو کی ریاستی مجلس عاملہ کی یہاں وزیراعلی ہاؤس میں تقریبا چار گھنٹے تک چلی میٹنگ کے بعد پارٹی کے ریاستی صدر اور راجیہ سبھا ممبر نارائن سنگھ اور قومی جنرل سکریٹری آر پی سنگھ نے مشترکہ اخباری کانفرنس میں کہا کہ قومی جمہوری اتحاد میں شامل بی جے پی سے سیٹوں کی تقسیم پر بات چیت آخری مرحلے میں ہے۔ اس کا اعلان باضابطہ طور پر جلدہی کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے میں سیٹوں کی تقسیم کے سلسلے میں کوئی تنازعہ نہیں ہے۔

قومی جنرل سکریٹری نے کہا کہ این ڈی اے کی پارٹیوں کے درمیان سیٹوں کی تقسیم پر بات چیت کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ اس پر پارٹیوں کے درمیان لمبے عرصے سے بات چیت چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیٹوں پر سمجھوتہ ہوجانے کے بعد اس کی اطلاع دے دی جائے گی۔