صاف ایندھن سے چلنے والی گاڑیوں کو پرمٹ کی ضرورت نہیں: گڈکری

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 07-September-2018

نئی دہلی، (یواین آئی) روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی وے کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا ہے کہ گاڑیوں سے ہونے والی آلودگی کو کم کرنے اور ماحول دوست صاف ایندھن سے چلنے والی گاڑیوں کو فروغ دینے کے لئے اب پرمٹ کی ضرورت نہیں ہوگی۔ مسٹر نتن گڈکری نے جمعرات کے روز ٹویٹ کیا کہ”میں نے آج اعلان کیا ہے کہ گرین ایندھن ایتھینال، متھینال، بایوسی این جی اور الیکٹرک سے چلنے والی گاڑیوں کو پرمٹ کی ضرورت نہیں ہوگی۔ مجھے امید ہے کہ اس فیصلہ سے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں وسیع تبدیلی آئے گی۔ مرکزی وزیر نے آٹوموبائل کمپنیوں کی سب سے بڑی تنظیم سیام کی سالانہ کانفرنس میں آٹوموبائل مینوفیکچرر کمپنیوں سے اس سمت میں تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ صاف ایندھن سے چلنے والی گاڑیوں کی پیداوار کے لئے کمپنیوں کو آگے آنا چاہئے۔ بعد میں انہوں نے ٹویٹ کیا کہ “سیام کی 58 ویں سالانہ تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر آٹوموبائل انڈسٹری سے اپیل کی ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ آٹو موبائل انڈسٹری آبی نقل و حمل میں پیسہ لگائے۔