مجھے خدمت کا موقع دیجئے:مودی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 25-September-2018

بھوپال – (یواین آئی)وزیراعظم نریندر مودی نے آج عوام سے انہیں ایک بار پھر خدمت کرنے کا موقع دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اب ترقی کی نئی چھلانگ لگانے کا وقت ہے۔

مسٹر مودی نے بھوپال کے جنبوری میدان میں بھارتیہ جنتاپارٹی(بی جےپی)کے ریاستی سطح پر ’کارکنان مہاکنبھ‘میں یہ اپیل کی۔اس موقع پر بی جےپی صدر امت شاہ،مدھیہ پردیش کے وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان،بی جےپی کے ریاستی صدر راکیش سنگھ سمیت مرکز اور ریاست کے سینئر بی جےپی لیڈران موجود تھے۔

وزیراعظم نے مرکز کی سابقہ حکومت ترقی پسند اتحاد(یوپی اے) پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ اس کے دور اقتدار میں ان ریاستوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرناپڑا ہے جہاں بی جے پی کی حکومت تھی۔مدھیہ پردیش کو بھی اس کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔یوپی اے حکومت،بی جےپی کی ریاستی حکومتوں کے تئیں دشمنی کا جذبہ رکھنے لگی تھی۔انہیں گجرات کے وزیراعلی کے طورپر خود اس کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مسٹر مودی نے کہا کہ ایسی سازش سے ریاستوں کو بچانے کےلئے اس کے ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہئے۔انتخابات میں ان گناہوں کی سزا دینے کے موقع پہلی بار ملا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مرکز میں ان کی حکومت اور ریاست میں مسٹر چوہان کی حکومت نے ترقی کی ہے۔آنے والے پانچ سال کے لئے اسے آگے بڑھانے کےلئے ہمیں خدمت کا موقع چاہئے۔