ناقابل ضمانت وارنٹ پر میں کسی سے خوفزدہ نہیں ہوںِ:چندرابابو

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 16-September-2018

وجئے واڑہ –  (یواین آئی)آندھراپردیش کے وزیراعلی این چندرابابونائیڈو نے ان کے خلاف مہاراشٹر کی عدالت کی جانب سے جاری کردہ غیر ضمانتی وارنٹ پر امیت شاہ کے ریمارکس کی مذمت کی اور واضح کردیا کہ وہ کسی سے بھی خوفزدہ نہیں ہوں گے۔

انہوں نے وجئے واڑہ کے اونڈاولی میں لفٹ اریگیشن کی اسکیم کے افتتاح کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ کے ریمارکس کا حوالہ دیا جنہوں نے گزشتہ روز حیدرآباد میں کہا تھا کہ بی جے پی کا اس مسئلہ سے کوئی تعلق نہیں ہے اور چندرابابونائیڈو اس مسئلہ پر ڈرامہ کر رہے ہیں۔مسٹرنائیڈو نے بی جے پی کے صدر سے سوال کیا کہ مرکزاور مہاراشٹر میں کونسی جماعت برسراقتدار ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ آٹھ سال پرانے معاملہ کو کیوں اٹھایا گیا؟ انہوں نے کہا’’میں گرفتاری کے وارنٹ کے مسئلہ پر ڈرامے نہیں کررہا ہوں ۔کسی سے بھی مجھے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ایسے افراد جنہوں نے بینکوں کو ہزاروں کروڑ روپئے کا دھوکہ دیا ، ان کو ملک سے باہر جانے کی اجازت دی گئی ۔

مرکز کی این ڈی اے حکومت نے مبینہ طورپر ان لیڈروں کی حوصلہ افزائی کی جو رشوت خوری میں ملوث ہیں۔تاہم آٹھ سال پرانے معاملہ میں میری گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا گیا۔‘‘

نائیڈو نے کہا کہ مہاراشٹر کے بابلی پروجیکٹ کی اونچائی کے خلاف شمالی تلنگانہ کے کسانوں کے مفاد میں تلگودیشم کے لیڈروں کے ساتھ وہ احتجاج کے لئے جارہے تھے تاہم مہاراشٹر کی پولیس نے ان کو گرفتار کرکے تین دن تک پریشانی میں مبتلارکھا اور بعد ازاں خصوصی طیارہ کے ذریعہ حیدرآباد بھیج دیا گیا ۔