پاکستان سیریز کے لیے ہندوستان سے بھیک نہیں مانگے گا: احسان مانی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 06-September-2018

لاہور،(یو این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے نو منتخب چیئرمین احسان مانی نے آج یہاں کہا کہ پاکستان کرکٹ سیریز کے لئے ہندوستان سے بھیک نہیں مانگے گا کیونکہ اس کا اپنا عزت و وقار ہے اور چاہے حالات کیسے ہی کیوں نہ ہوں، ہم اس کو برقرار رکھیں گے ۔ڈان نیوز کے مطابق یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے پی سی بی کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان سے کھیلنے کے سلسلے میں ہندوستان کا متضاد موقف ہے۔ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کے ایونٹس اور ایشیا کپ میں تو پاکستان سے کھیلتے ہیں لیکن دوطرفہ سیریز کے حوالے سے ان کا الگ موقف ہے۔ انہوں نے تاہم کہا کہ ہمیں امید ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ سیریز جلد منعقد ہو گی۔احسان مانی نے واضح کیا کہ پاکستان سیریز کے لیے ہندوستان سے بھیک نہیں مانگے گا کیونکہ اس کا اپنا عزت و وقار ہے اور چاہے حالات کیسے ہی کیوں نہ ہوں، ہم اس کو برقرار رکھیں گے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیریز نہ کھیلنے پر پاکستان کی جانب سے ہندوستان سے ہرجانے کی ادائیگی کے لیے آئی سی سی میں دائر کیے گئے مقدمے پر کھیل کی عالمی باڈی میرٹ پر فیصلہ کرے گی۔پی سی بی کے چےئرمین کی حیثیت سے اپنی پہلی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسان مانی نے پاکستان کرکٹ کے نظام کو شفاف بنانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے ‘کرکٹ کا پاکستانی ماڈل متعارف کرانے کا اعلان کیا۔