پٹرول ڈیزل کی بڑھتی قیمتیں، حکومت اپوزیشن کے نشانے پر، حکومت کے اتحادی بھی خائف

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 04-September-2018

نئی دہلی : پٹرول۔ ڈیزل اور گیس کی بے تحاشہ بڑھتی قیمتوں کے سلسلے میں مودی حکومت پر اپوزیشن کے حملے سے اقتدار میں شامل اتحادی پارٹیاں بھی اگلے عام انتخابات پر اس کے ممکنہ اثرات کا اندازہ لگاتے ہوئے ان کے داموں کوکم کرنے کا حکومت پر دباؤ بنانے لگی ہیں۔

عالمی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور ڈالر کے مقابلے روپئے کی قدر میں ریکارڈ گراوٹ سے برآمدکی جانے والی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے پٹرول۔ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے تو بغیر سبسڈی والے گیسوں کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں ۔

سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کے سینئر رہنما پی چدمبرم نے مودی حکومت کو پٹرول۔ڈیزل اور گیس کی قیمتوں پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ’’ اضافی ٹیکس‘‘ کی وجہ سے صارفین کو مہنگائی جھیلنی پڑ رہی ہے۔

سابق وزیر نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فورا جی ایس ٹی قانون کے دائرے میں لایا جانا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس میں کٹوتی کرکے دونوں کی قیمتوںمیں کمی کی جا سکتی ہے اور صارفین کو راحت پہنچائی جا سکتی ہے ۔مرکزی حکومت اس کی ذمہ داری ریاستی حکومت کے سر نہیں ڈال سکتی۔

انہوں نے کہا’’ بی جے پی کو یہ معلوم ہونا چاہئے کہ 19 ریاستوں میں اس کی حکومت ہے۔ مرکز اور ریاست مل کر پٹرول اور ڈیزل کو جی ایس ٹی قانون کے دائرے میں لا سکتے ہیں ۔کانگریس پٹرول اور ڈیزل کو جی ایس ٹی قانون کے تحت لانے کا مطالبہ کرتی ہے۔

عام آدی پارٹی کے کو آرڈینیٹر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی پہلے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے اور روپیہ کی قدر میں گراوٹ پر منموہن حکومت پر سخت حملہ کرتے تھے لیکن اب ویسی ہی صورتحال ان کی حکومت میں ہے تو انہوں نے چپ سادھ رکھی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے لئے پہلے کانگریس اور اب بی جے پی کی حکومت ذمہ دار ہیں ۔