کانگریس رافیل سودے پر این ڈی اے حکومت کو گھیرنے میں مصروف

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 02-September-2018

نئی دہلی : مدھیہ پردیش ، چھتیس گڑھ، راجستھان اور میزورم میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کانگریس رافیل جنگی طیارہ کے سودے میں مبینہ بے ضابطگیوں پر مرکز کی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت کے خلاف ماحول بنانے پر پورا زور لگا رہی ہے۔

رافیل سودے پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی مرکزی حکومت کے خلاف محاذ کی قیاد ت کررہی کانگریس کے صدر راہل گاندھی کے ساتھ پارٹی نے گزشتہ ہفتہ پورے ملک کے مختلف حصوں میں مظاہرہ کیا اور لوگوں کے سامنے اس سودے میں ہوئی مبینہ بے ضابطگیوں کے معاملہ کو زورشور سے اٹھایا۔

رافیل سودے میں بدعنوانی کو سامنے لانے کے لئے گزشتہ 25اگست کو شروع کی گئی ملک گیر مہم میں کانگریس نے 50سے زائد لیڈروں کو کھڑا کیا ہے۔ مہم کے تحت مسٹر گاندھی کے علاوہ پارٹی لیڈروں آنند شرما، جے پال ریڈی، اجے ماکن، شکیل احمد، رندیپ سرجے والا، منپریت بادل، پون کھیرا، راج ببر ، پرینکا چترویدی اور جے ویر شیرگل اور دیگر نے ملک میں مختلف مقامات پر پریس کانفرنس کیں۔