ہماچل میں بارش سے ہوئے نقصان کا وزیراعظم نے جائزہ لیا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 28-September-2018

شملہ، (ایجنسی):وزیر اعظم نریندر مودی نے آج وزیر اعلیٰ جے رام ٹھاکر سے فون پر بات کی اور ہماچل پردیش میں حال ہی میں ہوئی شدید بارش اور برفباری سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا۔ ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو بتایا کہ شدید بارش کی وجہ سے ریاست کو تقریباً 1250کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ وزیراعظم نے ہماچل پردیش کو مرکزی حکومت کے ذریعہ ہر مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس کے لئے وزیر اعلیٰ نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے حال ہی میں ہوئی شدید برفباری اور بارش کی وجہ سے ریاست کے دوردرازکے علاقوں میں پھنسے لوگوں کو محفوظ جگہوں تک پہنچانے کے لئے فراہم کئے گئے فوج کے تین ہیلی کاپٹروں کے لئے بھی وزیراعظم کا شکریہ اداکیا۔ بتادیں کہ شدید بارش سے ہماچل پردیس میں کافی جانی ومالی نقصان ہوا ہے۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ریاست میں 1250کروڑ روپے کی املاک تباہ ہوئی ہے لیکن یہ اعداد وشمار 31اگست تک کا ہے۔ گذشتہ 22سے 24ستمبر کو ریاست میں موسم نے پھر کروٹ لی تھی اور میدانی و وسطی علاقوں میں شدید بارش و بالائی پہاڑی علاقوں میں برفباری سے شدید نقصان پہنچا تھا۔ حکومت اب تین دنوںمیں ہوئے نقصانات کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق بارش سے نقصان کا اعداد و شمار1500سے 2000کروڑ تک ہو سکتا ہے۔ بارش کی وجہ سے ہوئے مختلف حادثات میں ریاست میں 300سے زیادہ لوگوں کی جانیں گئی ہیں۔