اردواساتذہ کا تقرر کوئی نہیں روک سکتا:ممتا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 24-September-2018

کولکاتہ،( ایجنسی): شمالی دیناج پور ضلع کے اسلام پور میں واقع داڑبھیٹ ہائی اسکول میں اردو اساتذہ کی تقرری کو لے کر طلباء اور پولس کے درمیان ہوئے پرتشدد جھڑپ میں دوطلباء کی موت کے بعد مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے اتوار کو اٹلی کے ملان سے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ہائی اسکول میں اردو ٹیچروں کی تقرری حکومت کرے گی اور طلباء اسے نہیں روک سکتے ہیں۔ اسی طرح سے ہفتہ کو بھی ممتا نے کہا تھا کہ پولس نے گولی نہیں چلائی۔ طلباء ہی پرتشدد مظاہرہ کررہے تھے۔ اب اتوار کو اس بارے میں خصوصی طور پر اپنے ساتھ غیر ملکی دورے پر گے صحافیوں سے بات چیت میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ طلباء طالبات کو اکسانے کے لیے فرقہ وارانہ سیاست کروائی جارہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر طلباء کو کیسے پتہ چلا کہ اساتذہ کی تقرری کی جارہی ہے؟ ممتا نے پوچھا کہ حکومت کس زبان کے اساتذہ کی تقرری کرے گی یہ طلباء طے کرسکتے ہیں؟ سنسکرت اساتذہ کو پڑھانے دے رہے ہیں لیکن اردو اساتذہ کی تقرری میں روکاوٹ کیوں کھڑی کررہے ہیں؟ ممتا نے کہا کہ مغربی بنگال میں بہت سے ایسی جگہیں ہیں جہاں بانگلہ کے علاوہ اردو ودیگر زبان کے لوگ ہیں۔ شمالی دیناج پور ضلع میں10فیصد سے زیادہ تعداد میں مسلم ہیں۔ کسی بھی اسکول میں اگر ایک طالب علم بھی اردو کی پڑھائی کرنا چاہتا ہے تو اسے پڑھانے کے لئے ریاستی حکومت یقینی طور پر اردو کے ٹیچروں کی تقرری کرے گی۔ اساتذہ اگر کم ہیں تو انگریزی اساتذہ بھی بانگلہ پڑھاتے ہیں۔ بہت سارے اساتذہ دوسرے مضامین بھی پڑھاتے ہیں، لیکن اسلام پور کے پورے واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ سنسکرت کے اساتذہ کی تقرری کی جائے تو کوئی بات نہیں لیکن اردو اساتذہ کی تقرری ہوئی تو اس پر طلباء ہنگامہ کیوں مچارہے ہیں۔ یہ فرقہ پرستی ہے۔ممتا نے کہا کہ اسکول نے اپنے درخواست میں اردو اساتذہ کی تقرری مانگی تھی، اسی لئے ریاستی ایجوکیشن محکمہ نے اردو ٹیچروں کی تقرری کی۔ اسے لے کر بی جے پی سیاست کرکے طلباء کو اکسا رہی ہے۔18ستمبر سے ہی بی جے پی وہاں بچوں کو ورغلا رہی ہے۔ اردو اساتذہ کی نوکری ختم کرنے کا حق کسی کو نہیں ہے۔ بی جے پی اور آرایس ایس کو پورے واقعہ کے پیچھے ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ باہر سے لوگوں کو بھاڑے پر لایا گیا تھا۔ یہ لوگ اپنے منہ پر رومال باندھ کر اسکول میں ہنگامہ کررہے تھے۔ گولی چلا رہے تھے۔ بم پھینک رہے تھے۔ دونوں طلباء کی موت کے پیچھے یہی لوگ ذمہ دار ہیں۔