اسکولوں میں اٹل ٹینکرنگ لیب کی تعداد بڑھاکر پانچ ہزار کردی جائے گی : مودی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 29-September-2018

نئی دہلی – (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے تعلیم کے میدان میں اختراعات پر زور دیتے ہوئے تعلیم کو کتابوں اور کلاس روم سے باہر لے جا کر معاشرے اور ملک سے جوڑنے کی اپیل کی ہے۔

مسٹر مودی نے اسکولوں میں اختراعات بڑھانے کے لئے اسکوکوں میں اٹل ٹینکرنگ لیب کی تعداد تین ہزار سے پانچ ہزار سے کرنے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے ہفتہ کو یہاں وگیان بھون میں وائس چانسلروں کی قومی کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے یہ اپیل کی ۔ اس موقع پر انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر پرکاش جاوڈیکر، انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر مملکت ڈاکٹر ستیہ پال سنگھ، اندرا گاندھی قومی آرٹ سینٹر کے صدر اور معروف صحافی رام بهادر رائے، اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ناگیشور راؤ اور قومی آرٹ سینٹر کے سکریٹری سچیدانند جوشی اور یونیورسٹی گرانٹ کمیشن کے چیئرمین ڈی پی سنگھ بھی موجود تھے۔

مسٹر مودی نے قدیم ہندوستان میں ملک کے تعلیمی نظام اور جدید دور میں سوامی وویکانند سے لے کر امبیڈکر، دین دیال اپادھیائے اور لوہیا کے تعلیم کے بارے میں ان کے خیالات کو نقل کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کا تعلق صرف کتابی علم سے نہیں بلکہ بہتر انسان بننے اور کردار کی تعمیرکے ساتھ ساتھ سماجی ذمہ داری سے بھی ہوتا ہے، لیکن وقت بدلنےکے ساتھ ساتھ اس میں تبدیلی بھی ہوتی ہے۔ آج وقت کا مطالبہ ہے کہ اس میں اختراعات و ایجادات کو شامل کیاجائے۔

انہوں نے کہا کہ اسکول کی سطح سے ہی اختراعات کو شامل کرنے کے لئے ان کی حکومت نے ملک کے اسکولوں میں اب تک تین ہزار اٹل ٹینكرنگ لیب کھولے ہیں۔ اب ان کی تعداد پانچ ہزار کی جائے گی۔ انہوں نے کالج کے طالب علموں کو غریبوں کی جھگی جھونپڑیوں میں جا کر انہیں صفائی مہم آيوشمان بھارت جیسے سرکاری پروگراموں سے بھی لوگوں کو آگاہ کرانے اور انہیں علم کے اشتراک کا بھی مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ طالب علم اپنے آس پاس کے علاقوں میں جاکر ڈیجیٹل انڈیا کے پروگراموں کے بارے میں لوگوں کو مطلع کریں اور نیو انڈیاکے قیام میں بھی مدد کریں۔