اصلی سنجو بناتا تو لوگ سنجے دت سے نفرت کرتے، راجکمار ہیرانی کا انکشاف

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-September-2018

ممبئی۔ (یو این این ) ہدایت کار راجکمار ہیرانی نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے لوگوں کی ہمدردیاں حاصل کرنے کے لیے فلم سنجومیں کئی تبدیلیاں کیں ورنہ لوگ اصلی سنجو دیکھ لیتے تو سنجے دت سے نفرت کرنے لگتے۔بالی وڈ کی بلاک بسٹر فلم سنجو کے ہدایت کار راجکمار ہیرانی نے اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ ابتدا میں فلم سنجو اس فلم سے بہت الگ تھی جو اسکرین پر پیش کی گئی۔ اگر شائقین وہ فلم دیکھ لیتے جو پہلے ایڈٹ کی گئی تھی تو سنجے دت سے محبت کرنے کے بجائے ان سے نفرت کرنے لگتے کیونکہ فلم میں ایسا کوئی سین شامل نہیں تھا جس سے سنجے دت کی شخصیت کے مثبت پہلو اجاگر ہوتے۔راجکمار ہیرانی نے بتایا کہ انہوں نے بعد میں سوچا کہ سنجے دت اس فلم کے ہیرو ہیں اور ہیرو کا منفی امیج پیش کرنا صحیح نہیں ہوگا لہذا انہوں نے فلم میں کئی تبدیلیاں کیں اور دوبارہ کئی سین شوٹ کرکے فلم میں شامل کیے جس میں سنجے دت کو ایک اچھا انسان دکھایا گیا۔راجمکار ہیرانی نے بتایا کہ انہوں نے فلم سے ایک سین ہٹایا تھا جس میں سنجے دت عدالتی فیصلے کے بعد خودکشی کی کوشش کرتے ہیں۔