انتخابی سال میں کارکنوں کو مودی کا منتر: میرا بوتھ- سب سے مضبوط

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 25-September-2018

بھوپال – (یو این آئی) مدھیہ پردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل آج وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارکنوں کے درمیان انتخابی مہم کا بگل بجاتے ہوئے انہیں ‘میرا بوتھ- سب سے مضبوط ‘ کا نعرہ دیا۔

مسٹر مودی نے یہاں پنڈت دین دیال اپادھیائے کی جینتی پر منعقدہ پارٹی کارکنوں کے مهاكمبھ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی پیسے کی طاقت سے نہیں، عوامی قوت سے (دھن بل سے نہیں، جن بل سے) الیکشن لڑتی ہے، کارکنان ‘میرا بوتھ- سب سے مضبوط ‘ کے منتر کے ساتھ آگے بڑھیں۔

مسٹر مودی نے پارٹی کے کارکنوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ خواہ نسل پرستی کا زہر پھیلے یا نوٹوں کے ڈھیر لگ جائیں، مکر کارکن یہ عہد کریں کہ وہ پارٹی کا پرچم نہیں موڑیں گے۔ اس موقع پر وہاں موجود لاکھوں کارکنوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس کے پاس ایسے وقف کارکنان کہاں ہیں۔

مسٹر مودی نے کہا کہ اس بار کا الیکشن پہلے سے مختلف ہے کیونکہ اب ریاست کی زمین پر پیدا ہونے والے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی نہیں ہیں اور پارٹی کو ان کی یادوں کے ساتھ الیکشن لڑنا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے راج ماتا وجياراجے سندھیا کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اقدار کی خاطر جیل چلی گئیں، مگر کانگریس کے سامنے کبھی نہیں جھكيں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ بینک کی سیاست نے سماج میں دیمک لگا دیا ہے۔