بھارت۔نیپال بس سروس شروع، نتیش نے دکھائی ہری جھنڈی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-September-2018

پٹنہ ،:(اسٹاف رپورٹر):: وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج وزیر اعلیٰ سکریٹریٹ واقع ’سنواد‘ کے سامنے بھارت۔نیپال بس سروس کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ۔ منعقد پروگرام میں شامل ہوئے وزیر اعلیٰ نے سب سے پہلے جدید تکنیک اور سہولتوں سے آراستہ ان بسوں کا معائنہ کیا ۔ بہار ریاستی روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی یہ بسیں بودھ گیا سے کاٹھمنڈو اور پٹنہ سے جنک پور آمدو رفت کریں گی ۔ ٹرانسپورٹ کے وزیر سنتوش کمار نرالا نے وزیر اعلیٰ کو گلدستہ ،جبکہ بودھ گیا مندر مینجمنٹ کمیٹی کے سیکریٹری ناگجے دورجے اور چیف موک چالندا نے وزیر اعلیٰ کو شال پیش کر کے ان کا خیر مقدم کیا ۔ وہیں پگڑی ، شال اور مدھوبنی پینٹنگ دے کر بھی وزیر اعلیٰ کا استقبال کیا گیا ۔اس موقع پر بہار اور نیپال کے فن کاروں نے وزیر اعلیٰ کے سامنے ’لوک کلا‘پیش کیا ۔ ٹرانسپورٹ کے وزیر سنتوش نرالااور ٹرانسپورٹ محکمہ کے سیکریٹری سنجے اگر وال نے وزیر اعلیٰ کو یادگار (پشو پتی ناتھ مندر )عطا کیا ۔اس موقع پر بہار ریاستی آفات مینجمنٹ اتھارٹی کے رکن ادئے کانت مشر ، چیف سکریٹری دیپک کمار ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری چنچل کمار ، وزیر اعلیٰ کے سکریٹر ی منیش کمار ورما ، ڈائریکٹر اطلاعات و رابطہ عامہ انوپم کمار ، ڈی ایم کمارروی ، بودھ گیا سے آئے بودھ عقیدت مند ،نیپال نمائندہ وفد اور ٹرانسپورٹ محکمہ کے افسران موجود تھے ۔