بہار میں وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کیا افتتاح ،کہا؛ٹرسٹ موڈ میں نافذ کیا جائے گا منصوبہ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 24-September-2018

پٹنہ،(مشتاق احمد) : آیوشمان بھارت یوجنا کا بہار میں آغاز پٹنہ کے گیان بھون میں گورنر لال جی ٹنڈن اور وزیراعلیٰ نتیش کمار نے مشترکہ طور پر کیا۔ اس منصوبے کا فائدہ بہار کے ایک کروڑ 8 لاکھ خاندانوں کو ملے گا۔ اس کیلئے ریاست کے 38 ضلعوں میں مستفیدین کے درمیان گولڈن ریکارڈ کارڈ بھی تقسیم کئے گئے۔اس موقع پر اپنے خطاب میں گورنر لال جی ٹنڈن نے وزیراعلیٰ نتیش کمار کو کرم یوگی کہہ کر مخاطب کیا اور نائب وزیراعلیٰ سشیل کمار مودی کو بہار میں وزیراعظم کا روپ بتایا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لوگ نتیش کمار کو ہردلعزیز وزیراعلیٰ مانتے ہیں۔ لیکن وہ انہیں کرم یوگی وزیراعلیٰ کے طور پر دیکھتے ہیں۔ آیوشمان بھارت یوجنا کےسلسلے میں انہوں نے کہا کہ امانت میں خیانت نہ ہواس کاخیال رکھنا ہوگا اور جس کا جو حق ہے وہ اسے دینا ہوگا۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ یہ ایک اچھا منصوبہ ہے ۔اس کے تحت غریب خاندان کے لوگوں کو ہر سال پانچ لاکھ روپے کا بیمہ کور ملے گا۔ بہار میں اس منصوبہ کو پوری ایمانداری کے ساتھ ٹرسٹ موڈ میں نافذ کیا جائے گا۔ وزیرا علیٰ نتیش کمار نے کہا کہ علاج کے دوران پیسوں کی کمی ہونے کی وجہ سے غریب لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا ۔ پانچ لاکھ روپے کا بیمہ سہولت ملنے کے بعد اب غریب لوگ بیماری پر ہونے والےپیسوں استعمال دوسرے کاموںمیں کر سکتے ہیں ۔ اس کے ساتھ ہی انہوںنے کہا کہ بہار میں اس منصوبہ کو درست طریقے سے چلانے کیلئے اس کی مانیٹرنگ کا بھی پختہ انتظام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس میں کسی بھی طرح کی گڑ بڑی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ فطری طور پر گڑبڑی کرنے والے ہوتے ہیں ۔ چونکہ اس منصوبہ میںرقم بہت زیادہ ہے اس لئے بد عنوانی کے امکانات بھی رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں اس منصوبہ کو درست طریقے سے نافذ کیا جائے گا ۔ انہوں نے امید جتائی کہ غریبوں کے مفاد میں اس منصوبہ کوکامیاب بنانے کے لئے لوگ عزم کے ساتھ کام کریں گے ۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہاکہ آیوشمان بھارت وزیر اعظم جن آروگیہ یوجنا کے ساتھ ساتھ دیگر صحت منصوبے چلتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ میڈیکل امداد فنڈ سے 2.5لاکھ روپے تک کی آمدنی والے لوگوں کے اہل کانہ کو علاج کے لئے اقتصادی مدد دی جا رہی ہے ۔ کچھ معاملوںمیں تو دس لاکھ روپے تک کی مدد دی گئی ہے ۔ آیوشمان بھارت وزیر اعظم جن آروگیہ یوجنا سے اب ایسے خاندان کے لوگوں کو مزید تقویت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ریاست کا سب سے بڑا اسپتال پٹنہ میڈیکل کالج اسپتال کی آئندہ 5 برسوں کے اندر تصویر بدل جائے گی ۔اس اسپتال کو 5 ہزار بیڈ والے اسپتال کی شکل میں فروغ دیا جائے گا اس کے علاوہ اندرا گاندھی انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنس آئی جی آئی ایم ایس کو 25 سو بیڈ والے اسپتال میں تبدیل کر اسے معیاری بنایا جائے گا تاکہ ریاست کے مریضوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولت مل سکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام نے 2005 میں جب ہمیں کام کرنے کا موقع دیا اس وقت ہم لوگوں کی حکومت نے شعبہ صحت کو بہتر سے بہتر بنانے کا عزم کیا اور اس وقت سے لگاتار ہیلتھ سیکٹر میں کام کیا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ 2005 میں ایک سروے کے مطابق پرائمری ہیلتھ سینٹر پی ایچ سی میں ہرماہ 39 مریض علاج کے لیے آتے تھے ٹھیک ایک سال بعد 2006 میں سروے ہوا تو معلوم ہوا کہ پی ایچ سی میں ہر ماہ 1500 سے2000 مریض علاج کے لیے یہاں پہونچ رہے ہیں اب حالیہ صورتحال یہ ہے کہ قریب 11 ہزار مریض ہر ماہ علاج کے لیے پی ایچ سی پہونچ رہے ہیں ۔یہ اسپتالوں میں بہتر طبی سہولت کا ہی نتیجہ ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں لوگ علاج کے لیے یہاں پہونچ رہے ہیں ۔آیوشمان بھارت یوجنا کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت اس منصوبے کو اپنی سطح سے نافذ کرے گی تاکہ اس میں کسی بچولیے کی گنجائش نہیں رہ جائے۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں وزیراعلیٰ صحت امدادی منصوبہ کے تحت بھی علاج کےلیے مدد مہیا کرائی جاتی ہے اور اس سلسلے میں درخواست آنے کے ایک ہفتہ کے اندر اس پرعمل کیا جاتا ہے ۔اس کے تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آیوشمان بھارت منصوبے کو نافذ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مریضوں کو سرکاری امدادملنے سے لوگوں کی مالی حالت میں بہتر ی آئے گی انکے گھر کے حالات اچھے ہوں گے اور وہ علاج پر خرچ ہونے والی رقم کا استعمال دوسرے کاموں میں کر سکیں گے ۔تقریب سے کونسل کے چیر مین ہارون رشید ،اسمبلی اسپیکر وجئے کمار چودھری ،نائب وزیراعلیٰ سشیل کمار مودی ،مرکزی وزیر روی شنکر پرساد ،اشونی کمار چوبے ،رام کرپال یادو ،وزیر صحت منگل پانڈے اورمحکمہ صحت کے پرنسپل سکریٹری سنجئے کمار سنگھ نے بھی خطاب کیا ۔تقریب میں رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر سی پی ٹھاکر اور میئر سیتا ساہو کے علاوہ بڑی تعداد میںمعززین شہر بھی موجودتھے۔