بی جے پی نے آدھار پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 26-September-2018

نئی دہلی – (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے آدھار کارڈ کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے آج کہا کہ اسے ہندوستان کے عوام اور مودی حکومت کی جیت کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔

بی جے پی ترجمان ڈاکٹر سنبت پاترا نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا،’’ہم اس فیصلے کو غریب نواز مودی حکومت کی ایک بڑی کامیابی کے طور پر دیکھتے ہیں۔ کیونکہ سپریم کورٹ نے آدھار کارڈ کی آئینی صداقت کو برقرار رکھا ہے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ اس سے پرائیویسی کی خلاف ورزی نہیں ہوتی تھی‘‘۔

ڈاکٹر پاترا نے کہا، ’’سب سے اہم بات یہ ہے کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ غیر قانونی تارکین وطن کے حق میں کھڑی رہی ہے اور آج اس وقت اس کا پردہ فاش ہو گیا جب سپریم کورٹ نے کہا کہ آدھار غیر قانونی تارکین وطن کے لئے نہیں ہے۔ بی جے پی اسی وجہ سے دہائیوں سے لڑ رہی ہے۔ہم یہ فیصلہ کو ہندوستان کےعوام مودی حکومت کی کامیابی کے طور پر دیکھ رہے ہیں‘‘۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا ہے کہ آدھار کارڈ محفوظ ہے اور اسکی نقل نہیں ہو سکتی ہے۔ عدالت نے سب سے اہم بات یہ کہی کہ اس سے غریب آدمی کو طاقت ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کا بنیادی مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ غریب لوگوں کے حقوق براہ راست انہیں ملیں اور درمیان میں کوئی نہ آئے۔