تین طلاق کا مسئلہ سیاسی موضوع نہیں ہے: روی شنکر

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 24-September-2018

پٹنہ – (یو این آئی) مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد نے آج کہا کہ تین طلاق کا مسئلہ کوئی سیاست کا موضوع نہیں ہے بلکہ مسلم خواتین کے اعزاز اور تحفظ سے متعلق مسئلہ ہے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر مسٹر روی شنکر پرساد نے یہاں مودی حکومت کے ذریعہ تین طلاق پر لائے گئے آرڈیننس پر ان کا شکریہ ادا کرنے آنے والی مسلم خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تین طلاق کا مسئلہ نہ سیاست کا موضوع ہے اور نہ ووٹ کا ، لیکن یہ افسوس کی بات ہے کہ ایسے معاملے پر بھی سیاست کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی اور مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی جیسی خاتون سیاستدانوں کو کھل کر تین طلاق کی مخالفت کرنی چاہیے۔

وزیر موصوف نے کہا کہ تین طلاق کوئی عبادت اور مذہب کا بھی موضوع نہیں ہے۔ یہ صرف خواتین کے احترام اور تحفظ سے متعلق معاملہ ہے، جس پر کسی طرح کی سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ صدر رام ناتھ كووند کے آرڈیننس پر دستخط کئے جانے کے بعد اب مسلم خواتین کو حق ہے کہ اگر وہ تین طلاق کے رواج کا شکار ہیں تو وہ اپنے شوہر کے خلاف متعلقہ تھانے میں ایف آئی آر درج کرا سکتی ہیں۔