خوشحالی کے ساتھ معیاری زندگی ہمارا مقصد:نائیڈو

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 26-September-2018

حیدرآباد، (یواین آئی) آندھرا پردیش کے وزیراعلی این چندرابابونائیڈو نے کہا ہے کہ خوشحالی کے ساتھ معیاری زندگی ہمارا مقصد ہے اور صفر بجٹ قدرتی کاشتکاری مددگارثابت ہوسکتی ہے۔چندرابابونائیڈو جو امریکہ کے دورہ پر ہیں، نے منگل کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پرمالیاتی دیرپا زراعت:عالمی مسائل اور چیلنجس کے موضوع پر اپنے کلیدی خطبہ میں صفر بجٹ قدرتی کاشتکاری کے اصولو ں کی تفصیلات سے واقف کروایا ۔انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت نے ہر ایک موضع کو ایک بنیاد کے طورپر لیتے ہوئے اس کو روایتی طریقہ سے صفر بجٹ قدرتی کاشتکاری میں تبدیل کرنے کے اقدامات کئے ہیں۔سال 2022تک اے پی ،اقوام متحدہ کے 17دیرپاترقی کے مقاصد کو حاصل کرلے گا ۔حالانکہ اقوام متحدہ نے 2035تک اس نشانہ کے حصول کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ زراعت سے ریاست کو بہ حیثیت مجموعی پیداوار 28فیصد ہوتی ہے اورایک بڑی آبادی اس پرمنحصر ہے ۔انہوں نے زراعت کے شعبہ کی تفصیلات سے بھی واقف کروایا ۔انہوں نے کہا کہ پیداوار میں خطرہ،فوڈ ان سیکوریٹی،نقل مکانی،ماحولیات میں تبدیلی،موسمی اثرات،سیلاب،طوفان سے کسانوں کی ترقی میں رکاوٹ پیداہوتی ہے۔