رافیل سودے میں ’چوکیدار‘ ہی بن گیا’چور‘: راہل

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 23-September-2018

نئی دہلی – (یو این آئی)رافیل طیارہ سودے کے آفسیٹ سمجھوتہ کے سلسلے میں فرانس کے سابق صدر فرانزواں اولاں کے انکشاف کے بعد کانگریس صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اس پر صفائی دینے کا مطابقہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ملک کے ’چوکیدار‘ نے ہی ’چوری ‘ کی ہے۔

مسٹر گاندھی نے آج یہا ں کانگریس ہیڈکوارٹر میں خصوصی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رافیل سودے کا معاہدہ مسٹر اولاں اور مسٹر مودی کے درمیان ہوا تھا اور فرانس کے سابق صدر نے کہا ہے کہ مسٹر مودی نے ہی مسٹر انل امبانی کی کمپنی کو آفسیٹ شراکت دار بنانے کے لئے کہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر اولاں ہندوستان کے وزیر اعظم کو ’چور ‘ کہہ رہے ہیں لیکن وزیر اعظم خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔

کانگریس کے صدر نے کہا کہ وزیر اعظم کو اس پر اپنی صفائی پیش کرنی چاہئے کہ سچ کیا ہے ۔ انہیں کہنا چاہئے کہ فرانس کے سابق صدر صحیح نہیں بول رہے ہیں لیکن ان کے منہ سے آواز نہیں نکل رہی ہے۔ یہ ملک کے جوانوں کے مستقبل،ملک کی سلامتی اور بدعنوانی کا معاملہ ہے۔ رافیل سودے کے بارے میں وزیر خزانہ ارون جیٹلی اور وزیر دفاع نرملا سیتا رمن بیان دے رہی ہیں جب کہ بولنا مسٹر مودی کو چاہئے۔